تیونس کے وزیر صحت سرکاری اسپتال میں 11 نوزائیدہ بچوں کی ہلاکت پر مستعفی

تمام بچے سرکاری اسپتال میں سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث آکسیجن کی کمی کا شکار ہوکر ہلاک ہوئے


ویب ڈیسک March 10, 2019
تمام بچے ایک ہی اسپتال میں آکسیجن کی کمی کے باعث ہلاک ہوئے۔ فوٹو : فائل

تیونس کے وزیرصحت عبدالروف شریف 24 گھنٹے کے دوران 11 بچوں کی اسپتال میں ہلاکت پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق تیونس کے سرکاری رابطہ میٹرنٹی اسپتال میں 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 11 نوزائیدہ بچے آکسیجن کی کمی کے باعث ہلاک ہوگئے، جس پر وزیرصحت نے ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا۔

وزیرصحت عبدالرؤف شریف نے 4 ماہ قبل ہی عہدہ سنبھالا تھا، رابطہ میٹرنٹی اسپتال ریاست کے زیر انتظام چلنے والا ادارہ ہے۔ وزیراعظم یوسف شاہد نے سرکاری اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کی ہلاکت پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، تحقیقاتی کمیٹی طبی مراکز، اویات اور حفظان صحت کے اقدامات کا جائزہ لے گی۔

واضح رہے کہ تیونس طبی سہولیات کے اعتبار سے شمالی افریقہ میں بہترین ملک ہیں تاہم صدر زین العابدین کے 2011 سے سبکدوشی کے بعد سے صحت کے مراکز کو مالی بحران، ادویات کے فقدان اور ایڈمنسٹریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔