بلوں کی عدم ادائیگی ادویہ سپلائرز کا ہیلتھ سینٹرز کو دوائیں فراہم کرنے سے انکار

ڈائریکٹر صحت کی جانب سے بلوں کی ادائیگی کے لیے رشوت طلب کی جارہی ہے، سیکریٹری صحت کو خط


Staff Reporter March 12, 2019
چیف سیکریٹری نوٹس لیں بصورت دیگر ڈائریکٹر صحت کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا، ادویہ سپلائر فوٹو: فائل

ادویہ سپلائرز نے بلوں کی عدم ادائیگی پرڈائریکٹر صحت کراچی کے ماتحت چلنے والے صحت مراکز میں دوائیاں فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے جس کے باعث صحت کے مراکز میں دوائیوں کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹرصحت کراچی سروسزکے ماتحت کراچی کے 9 صحت مراکز میں مریضوں کیلیے فراہم کی جانے والی دواؤں کے بلز روک لیے گئے ہیں جس کی وجہ سے سپلائرزنے مزید دوائیں فراہم کرنے سے انکارکردیا ہے، سپلائرز کی جانب سے سیکریٹری صحت کے نام لکھے خط میں کہاگیا ہے ڈائریکٹر صحت کی جانب سے نیوکراچی لال مسجد، منصور نگر، لانڈھی، ریڑھی گوٹھ، دنبہ گوٹھ، تھدونالو ملیر اربن سینٹر، شاہ فیصل اربن سینٹرز کے لیے 9 کروڑ روپے کی دوائیں خریدی گئیں تھیں۔

جس کے بعد دوائیں فراہم کردی گئیں تاہم ڈائریکٹر صحت کی جانب سے بلوںکی ادائیگیاں روک دی گئیں ہیں، خط میں سپلائرز نے کہا ہے کہ ڈائریکٹرصحت کی جانب سے بلوں کی ادائیگیوں کیلیے مبینہ اضافی رقوم طلب کی جارہی ہے اور رقم نہ دینے پر ڈائریکٹر صحت نے بلوں کی ادائیگیاں روک دی ہیں جس کی وجہ سے اب مزید دوائیں فراہم نہیں کی جائیں گی۔

خط کے متین میں مزید کہاگیا ہے کہ محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران کے نام سے بھی خوف زدہ کیا جارہا ہے اوربلوں کی ادائیگیوں کیلیے مبینہ طور پررشوت نہ دینے کے نتیجے میں بلوں کی ادائیگیاں روکنے کا کہاگیا ہے، سیکریٹری صحت اورچیف سیکریٹری نوٹس لیں،بلوں کی ادائیگیوں کو یقینی بنانے کیلیے اقدامات کیے جائیں بصورت دیگر ڈائریکٹر صحت کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔