تیسر ٹاؤن اسکیم رش کے باعث انویسٹر مافیا کو فارم حاصل کرنے میں مشکلات

تیسر ٹاؤن اسکیم کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت دیکھ کر انویسٹر مافیا بھی میدان میں کود پڑی ہے


Staff Reporter March 12, 2019
تیسر ٹاؤن اسکیم کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت دیکھ کر انویسٹر مافیا بھی میدان میں کود پڑی ہے فوٹوفائل

ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی تیسر ٹاؤن اسکیم کی عوام میں بڑھتی مقبولیت دیکھ کر انویسٹر مافیا میدان میں آگئی۔

فارم کے حصول کے لیے عوام کے بے پناہ رش کے باعث انویسٹر کو فارم حاصل کرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے، پلاٹوں کی بندر بانٹ کا منصوبہ بری طرح ناکام ہو کر رہ گیا، تیسر ٹاؤن اسکیم کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے میں انویسٹر کے ایک بڑے گروپ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہے۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی کم آمدنی والے افراد کے لیے 30 ہزار پلاٹوں کی شروع کی گئی رہائشی اسکیم اپنے آغاز سے ہی زبردست کامیابی سے ہمکنار ہورہی ہے، جس کی بڑی وجہ حکومتی سطح پر کراچی میں گزشتہ کئی سال سے کوئی رہائشی اسکیم شروع نہ کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تیسر ٹاؤن میں پلاٹوں کی مالیت انتہائی کم رکھی جانے کے باعث کم آمدنی والے افراد کا اپنے گھر کا خواب پورا ہوتا نظر آرہا ہے جس کے باعث رہائشی اسکیم کے فارم کے حصول کے لیے شہری گھنٹوں لائنوں میں کھڑے ہوکر فارم حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، کراچی کے شہریوں میں تیسر ٹاؤن اسکیم کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت دیکھ کر انویسٹر مافیا بھی میدان میں کود پڑی ہے تاہم اسکیم کے فارم حاصل کرنے میں شدید دشواری کے باعث انویسٹرز کو اپنا منصوبہ ناکام ہوتا نظر آرہا ہے۔