عید کی تیاریاں کارپٹ اور پردوں کی خریداری عروج پر پہنچ گئی

بازاروں میں پردوں اور کارپٹ کی رعایتی سیل لگادی گئی، ریڈی میڈ پردوں کی فروخت بڑھ گئی۔


Business Reporter August 08, 2013
قیمت 1800 سے 5000 روپے فی سیٹ ہے۔ فوٹو: فائل

عید کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں شہر میں کارپٹ، کرٹن، کشن اور آرائشی اشیا کی فروخت بھی عروج پر پہنچ چکی ہے۔

کارپٹ، کرٹن، کشنز اور آرائشی اشیا کی دکانیں رات گئے تک کھل رہی ہیں شہر کے مرکزی علاقے حسن اسکوائر، لائٹ ہاؤس، ناظم آباد چاؤلہ مارکیٹ اور ارم شاپنگ ایمپوریم نارتھ کراچی میں قائم بازاروں میں پردوں اور کارپٹ کی رعایتی سیل لگادی گئی ہے، عید کے لیے زیادہ تر ''ریڈی میڈ ''پ ردے فروخت کیے جاتے ہیں جن کی قیمت 1800 روپے سے 5000 روپے فی سیٹ ہے ایک سیٹ میں 4 پردے شامل ہوتے ہیں، درآمدی کپڑوں کے علاوہ مقامی سطح پر تیار کردہ سلک جیکارڈ فیبرک سے تیار کردہ پردے بھی فروخت کیے جارہے ہیں۔



استر والے پردوں کی قیمت بغیر استر کے پردوں سے 25 سے30 فیصد زائد وصول کی جارہی ہے، کاٹن کے پرنٹڈ اور پھول دار پردوں کے علاوہ سلک اور نیٹ کے پردے بھی پسند کیے جارہے ہیں، پردے تیار کرنیو الے کاریگروں کے مطابق شادی بیاہ کی تقریبات میں گھروں اور حجلہ عروسی کے لیے نفیس اور دیدہ زیب پردوں کی ورائٹی ابھی سے متعارف کرادی گئی ہے جبکہ عید کے فوری بعد ہونے والی شادیوں کے لیے پردوں کی بکنگ بھی ابھی سے شروع کردی گئی ہے۔

پوش علاقوں کے مکین بھاری بھرکم فینسی پردے تیار کرواتے ہیں جن کی قیمت 22 سے 28 ہزار روپے تک جاتی ہے اس کے علاوہ آرام دہ فرشی کشن اور صوفوں کیلیے چھوٹے کشن بھی آرڈر پر تیار کیے جاتے ہیں،پردے فروخت کرنیوالی بہت سی دکانوں پر گھروں میں پردوں کی فٹنگ کا کام بھی کیا جاتا ہے۔