مرید عباس قتل کیس میں 7 سال بعد بڑی پیشرفت

سینٹرل جیل جوڈیشل کمپلیکس میں سیشن عدالت کے روبرو اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد کے قتل کے مقدمے کی سماعت میں پیشرفت ہوئی


ویب ڈیسک May 04, 2026
فوٹو فائل

اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد کے قتل کے مقدمے میں 7 سال بعد اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

کراچی سینٹرل جیل جوڈیشل کمپلیکس میں سیشن عدالت کے روبرو اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد کے قتل کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

مرکزی ملزم عاطف زمان نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔ ملزم عاطف زمان نے مرید عباس اور خضر حیات کو قتل کرنے کے الزام انکار کردیا۔

عدالت نے مقدمہ میں 14 مئی کو طرفین کے وکلا کے حتمی دلائل طلب کرلیے۔ ملزمان کیخلاف گواہ، تفتیشی افسر اور دیگر اپنا بیان ریکارڈ کروا چکے ہیں۔

دہرے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا فرانزک بھی عدالت میں پیش کیا جا چکا ہے۔ استغاثہ کے مطابق ملزم عاطف زمان نے اپنے بھائی عادل زمان کے ساتھ ملکر مرید عباس اور خضر حیات کو دفتر بلا کر قتل کیا۔

استغاثہ کے مطابق شریک ملزم عادل زمان سپریم کورٹ سے ضمانت خارج ہونے کے بعد فرار ہوگیا تھا۔ شریک ملزم عادل زمان کو عدالت اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

مدعیہ کے وکیل نے ملزمان کے قتل میں ملوث ہونے کے تمام شواہد عدالت میں جمع کروادئیے ہیں۔