قصر ناز میں ہونیوالے سانحے کی تحقیقات پیر تک مکمل ہوجائے گی

پاکستان کوارٹرز اور دیگر رہائشی کوارٹرز سے لوگوں کو بے گھر نہیں کیا جائے گا، طارق بشیر چیمہ


Staff Reporter March 22, 2019
جو لوگ سرکاری کوارٹرز میں کم کرائے پر رہتے ہیں ان کی لسٹیں مرتب کی جائیں گی، وفاقی وزیر۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ قصر ناز میں ہونے والے سانحہ کی تحقیقات 25مارچ تک مکمل کرلی جائے۔

قصر ناز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ قصر ناز میں ہونے والے سانحہ کی تحقیقات پیر 25مارچ تک مکمل کرلی جائے اس سانحے کے ذمے داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ اس موقع پر ان کے مسلم لیگ ق سندھ کے صدر طارق حسن بھی تھے۔

وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ یہ بات سامنے آگئی ہے کہ قصر ناز میں جو ہلاکتیں ہوئیں بریانی کھانے سے نہیں بلکہ کمرے میں اسپرے کیے جانے سے ہوئی تھیں، اس کی محکمانہ تحقیقات وزیر اعظم کے حکم پر شروع کردی گئی تھی، اس کی رپورٹ پیر تک مکمل ہوجائے گی جس کی روشنی میں ذمے داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور انھیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ قصر ناز سانحے میں معصوم جانوں کا نقصان ہوا ہے جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا پولیس نے کچھ گرفتاریاں بھی کی تھیں، ہمارے محکمے کے افسر کے قریبی عزیز تھے یہ لوگ جنھیں اس افسر کے کہنے پر رہائش کے لیے کمرہ دیا گیا تھا،ہماری معلومات کے مطابق متاثرہ خاندان کے افراد میں انتہائی پردہ دار خواتین شامل تھیں۔

دوسری جانب طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ وفاقی رہائشی علاقوں مارٹن کوارٹرز، ایف سی ایریا کوارٹرز، پاکستان کوارٹرز، اور دیگر رہائشی کوارٹرز سے لوگوں کو بے گھر نہیں کیا جائے گا نہ ہی ان کے گھر منہدم کیے جائیں گے لیکن ان اربوں کھربوں کی زمینوں پر رہنے والے افراد کو سرکار کی بات بھی سنناپڑے گی۔ جو لوگ سرکاری کوارٹرز میں کم کرائے پر رہ رہے ہیں ان کی لسٹیں مرتب کرنے کے بعد اسلام آباد بھیجا جائے گا اوران کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔