راجن پور میں خوشحال خان ایکسپریس کو اڑانے کی کوشش

نامعلوم ملزمان نے ریلوے ٹریک پر بم نصب کرنے کے لئے 3 فٹ گڑھا کھود رکھا تھا، پولیس حکام


ویب ڈیسک March 27, 2019
ملزمان کا تعلق بی آر اے گروپ سے بتایا جا رہا ہے، پولیس حکام۔ فوٹو:فائل

کوٹ مٹھن میں نامعلوم افراد نے خوشحال خان ایکسپریس کو اڑانے کے لئے 3 فٹ کا گڑھا کھودا ہوا تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راجن پور میں کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے، تاہم ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے کوٹ مٹھن سے گزرنے والے ریلوے ٹریک پر بم نصب کرنے کے لئے 3 فٹ گڑھا کھود رکھا تھا اور وہ کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

پیٹرولنگ پر موجود پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، تاہم پولیس اہلکاروں کے پہنچنے پر ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق کالعدم بی آر اے گروپ سے بتایا جارہا ہے اور گزشتہ دنوں اسی گروپ کی جانب سے ٹرین پر فائرنگ بھی کی گئی تھی۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی الرٹ کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔