حکومت کا غربت مٹاؤ پروگرام عوام کے ساتھ دھوکا ہے خورشید شاہ

عمران خان خود نشاندہی کر رہے ہیں کہ وہ فیل ہو چکے ہیں، خورشید شاہ


ویب ڈیسک March 27, 2019
عمران خان نے 50 لاکھ گھر بنا نے اور نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا وہ پورا کریں، رہنما پیپلز پارٹی فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ غربت مٹاؤ پروگرام عوام کے ساتھ دھوکہ ہے اور اس سے بڑا دھوکہ کیا ہوگا کہ عوام کو 90 ارب بینظیر انکم اسپورٹ، 8 ارب بیت المال اور 10 ارب سوشل پروگرام سے ملتے ہیں۔

سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی طبیعت کے حوالے سے ڈرامے بازی کہنا مناسب نہیں، ان کی طبیعت خراب تھی، ان کو علاج کے لیے گھر جانے کی اجازت کا عدالتی فیصلہ بہترین ہے اور آگے بھی اچھے فیصلے کی امید ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ہوں یا قاٸم علی شاہ، ہم سب 70 سال کا حساب دینے کے لیے تیار ہیں، ہم بھی کرپشن کو ختم کرنا چاہتے ہیں، اگر افسران کرپشن کے ڈر سے فاٸلیں ساٸن نہیں کرتے اور کام رکا ہوا ہے تو عمران خان خود نشاندہی کررہے ہیں کہ وہ فیل ہو چکے ہیں اور قوم کا عمران خان پر اعتماد ختم ہو چکا ہے۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ عمران خان کے پاس کوٸی گوشہ ہے ہی نہیں جس میں نرمی ہو، ان کے پاس کوٸی ایسی بات بھی نہیں جس میں سمجھ ہو، اس وقت مہنگاٸی عروج پر ہے، ان کا کیا ایجنڈا ہے کیا کرنا چاہتے ہیں کچھ پتا نہیں، اگر بات کرو تو ہمیں کہتے ہیں کہ ہم کرپشن بچانے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ غربت مٹاؤ پروگرام عوام کے ساتھ دھوکا ہے، اس سے بڑا دھوکا کیا ہوگا کہ 90 ارب بینظیر انکم اسپورٹ، 8 ارب بیت المال اور 10 ارب سوشل پروگرام سے عوام کو ملتے ہیں، پیسے وہی ہیں صرف نام تبدیل کیا جارہا ہے، عمران خان نے جو 50 لاکھ گھر بنا نے اور نوکریاں دینے کا وعدہ کیا ہے وہ تو عوام کو دیں، اگر غربت مٹانی ہے تو حکومت اپنے پہلے سال میں صرف 5 لاکھ گھر اور 10 لاکھ نوکریاں ہی دے دے، غربت مٹاؤ کے نام پرعمران خان عوام کو صرف دھوکا دے رہے ہیں۔