وزیراعظم کی وزیرخارجہ کو فوجی عدالتوں پراپوزیشن تحفظات دورکرنے کی ہدایت

اپوزیشن کوقائد حزب اختلاف کے چیمبرمیں بریفنگ دینے کوتیار ہوں، وزیر خارجہ


ویب ڈیسک March 28, 2019
حکومت نے بلوچستان سے راجہ عامرعباس، محمود رضا اورصلاح الدین مینگل کے نام تجویزکئے، وزیرِخارجہ: فوٹو فائل

وزیراعظم عمران خان نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کے حوالے سے اپوزیشن سے دوبارہ رابطے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات ہوئی۔ وزیرخارجہ نے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری پراپوزیشن لیڈرسے رابطے پروزیراعظم کواعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے شاہ محمود قریشی کواپوزیشن سے دوبارہ رابطے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کے حوالے سے اپوزیشن کے تحفظات دورکئے جائیں اورفوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پربھی بات چیت آگے بڑھانے سمیت اپوزیشن رہنما جہاں چاہیں انہیں بریفنگ دی جائے۔

وزیرِخارجہ نے جلد اپوزیشن سے دوبارہ رابطے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو قائد حزب اختلاف کے چیمبرمیں بریفنگ دینے کے لیے تیارہوں جب کہ پارلیمانی رہنماؤں کے علاوہ پورے ایوان کو بھی بریفنگ دینے کوتیارہوں۔

حکومت نے الیکن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے بلوچستان سے راجہ عامرعباس، محمود رضا اورصلاح الدین مینگل کے نام تجویزکئے جب کہ سندھ سے ندیم قریشی، جسٹس ریٹائرڈعبد الغفورمیمن اورجسٹس (ر) نورالحق قریشی کے نام شامل ہیں۔