سندھ میں شدید گرمی حیدرآباد میں پارہ 41 ڈگری تک پہنچ گیا

شدید گرمی اور حبس کے باعث شہر میں ٹھنڈے مشروبات کی مانگ بڑھ گئی


ویب ڈیسک March 28, 2019
شدید گرمی اور حبس کے باعث شہر میں ٹھنڈے مشروبات کی مانگ بڑھ گئی۔ فوٹوفائل

حیدرآباد میں شدید گرمی اور حبس کے باعث شہری بلبلا اٹھے جب کہ شہر کا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پنچ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مارچ کے اختتام پر کراچی اور حیدر آباد میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، حیدر آباد میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، شدید گرمی اور حبس نے شہریوں کا جینا محال کردیا ہے جب کہ شدید گرمی اور حبس کے باعث ٹھنڈے مشروبات کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بھی گزشتہ چند روز سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے ایک سے دوروز کے دوران شہر کے درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ بالائی فضاؤں پر ہائی پریشر کی وجہ سے گرمی کی شدت بڑھ سکتی ہے۔ جمعے کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے جب کہ اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں گرمی کا پارہ 40 ڈگری کو چھوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا موجودہ پارہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا ہے تاہم موجودہ گرمی کی لہر کے دوران گرمی کا سابقہ ریکارڈ ٹوٹنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔