بلوچستان ہائیکورٹ میں تقرریاں اقربا پروری ہیں پاکستان بارکونسل

2 جج توصوبے کے باشندے ہی نہیں، احتجاج کی حمایت کریں گے،قلب حسن


Numainda Express August 14, 2013
2 جج توصوبے کے باشندے ہی نہیں، احتجاج کی حمایت کریں گے،قلب حسن فوٹو: فائل

بلوچستان ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججوںکی تقرری میں بار کے نمائندوں کے اعتراضات کونظر انداز کرنے پر پاکستان بارکونسل نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن میں بارکے اعتراضات کو نظرانداز کرنے کے معاملے پرسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ساتھ ملکرمشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

بارکونسل سے جاری اعلامیے میںوائس چیئرمین سید قلب حسن نے ہائیکورٹ میں ججوں کی تقرری کے معاملے پر بلوچستان کے وکلا کے احتجاج کی حمایت کا اعلان کیا ہے اورکہا ہے کہ اس ضمن میں جوڈیشل کمیشن نے بارکونسل کے نمائندے کی تجاویزکو نظرانداز کیا اور 3 ایسے ججوں کی تقرری کی منظوری دی جن میں سے 2 بلوچستان کے باشندے بھی نہیں ہیں۔



اعلامیے میں کہا گیا کہ مذکورہ تقرریاں اقربا پروری کی بدترین مثال ہے جس کے خلاف لائحہ عمل کا اعلان جلدکر دیا جائے گا۔