دھابے جی خوشحال خان کا انجن فیل مسافر مشتعل ٹریفک اور قومی شاہراہ پر دھرنے

ریلوے ٹریفک معطل،انتظامیہ کیخلاف نعرے ،حکومت نے کرپشن کی انتہا کردی، ملک کے تمام اداروں کو تباہ کر دیا، مظاہرین۔


Nama Nigar August 26, 2012
ریلوے ٹریفک معطل،گاڑیوں پر پتھرائو، انتظامیہ کیخلاف نعرے ،حکومت نے کرپشن کی انتہا کردی، مظاہرین۔ فوٹو: فائل

خوشحال خان خٹک ایکسپریس کا انجن دھابے جی اسٹیشن کے قریب فیل ہو گیا، مسافروں کا شدید احتجاج، ریلوے انتظامیہ کیخلاف نعرے، قومی شاہراہ پر دھرنا، گاڑیوں پر پتھرائو۔ تفصیلات کے مطابق پشاور سے کراچی جانے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس کا انجن دھابے جی ریلوے اسٹیشن کے قریب فیل ہوگیا جس کے باعث ایک ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی اور مذکورہ ٹریک پر آنے والی سکھر ایکسپریس کو بھی دھابے جی کے قریب روک لیا گیا، انجن فیل ہو جانے پر سیکڑوں مسافر مشتعل ہوگئے اور انہوں نے ٹریک پر دھرنا دے کر ریلوے انتظامیہ کیخلاف نعرے لگائے۔

بعدازاں مظاہرین نے قومی شاہراہ پر بھی دھرنا دیکر کراچی ٹھٹھہ روڈ بلاک کر دیا اور گاڑیوں پر پتھرائو کیا، قومی شاہراہ پر دھرنے کے باعث گاڑیوں کیطویل قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

مظاہرین نے ریلوے انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کی انتہا کر دی، ملک کے دیگر اداروں سمیت ریلوے کو بھی تباہ کرکے رکھ دیا ہے، مسافروں کے احتجاج کے باعث ایک گھنٹہ تک قومی شاہراہ بلاک رہی جس کے بعد دھابے جی ٹائون کے معززین کی اپیل پر مظاہرین منتشر ہوگئے اور قومی شاہراہ بحال کر دی گئی جبکہ ریلوے انتظامیہ نے 2گھنٹے بعد کراچی سے متبادل انجن بلوا کر مذکورہ ٹرین کو منزل کی جانب روانہ کر دیا۔

مقبول خبریں