ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ، جوابی کارروائی میں 5 بھارتی فوجی ہلاک، آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک  جمعـء 5 اپريل 2019
بھارتی چوکی کو پہنچنے والا نقصان اس کے علاوہ ہے، آئی ایس پی آر (فوٹو: فائل)

بھارتی چوکی کو پہنچنے والا نقصان اس کے علاوہ ہے، آئی ایس پی آر (فوٹو: فائل)

 مظفر آباد: بھارتی فوج نے ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جواب میں پاک فوج کی بھرپور کارروائی سے 5 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایل او سی پربھارتی فوج نے ایک بار پھر سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کی اور چری کوٹ سیکٹرمیں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فورسز نے چری کوٹ کے گاؤں سیریاں پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے  نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 35 سالہ خاتون شبنم، 13 سالہ کاشان، 6 سالہ فیضان، 14 سالہ نشا،  10 سالہ آصفہ اور چفر گاؤں کا 28 سالہ شاہد حسین بھی شامل ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاک فوج کا بھارت کو منہ توڑ جواب،7 بھارتی فوجی ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فائرنگ پر مؤثر جوابی کارروائی کی اور بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے 5 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی بھی ہوئے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج رواں ماہ مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کررہی ہے اور  بھارتی فوج کی فائرنگ سب اب تک پاک فوج کے 3 جوانوں صوبیدار محمد ریاض، لانس حوالدار عزیز اللہ اور سپاہی منصب سمیت 4 افراد شہید ہوچکے ہیں، اور متعدد شہری زخمی بھی ہوئے ہیں، جب کہ انہی دنوں یں پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 7 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔