برطانیہ کی بریگزٹ ڈیڈ لائن میں 30 جون تک توسیع کی درخواست

یورپی یونین کونسل کے صدر بھی توسیع کے حق میں ہیں لیکن یورپی ممالک شدید مخالفت کررہی ہیں


ویب ڈیسک April 05, 2019
برطانوی پارلیمنٹ نے ایک ووٹ کے فرق سے وزیراعظم کو نئی تاریخ حاصل کرنے کا حق دیا تھا (فوٹو : فائل)

برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے یورپی یونین سے بریگزٹ ڈیل کی تاریخ میں 30 جون تک توسیع کرنے کی درخواست کردی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے یورپی یونین سے بریگزٹ ڈیل پر ایک اور موقع دینے کی درخواست کرتے ہوئے یورپی انخلا کے لیے مقررہ وقت مزید 30 جون تک بڑھانے کی استدعا کی ہے تاہم یورپی یونین کا موقف ہے کہ تاریخ میں توسیع کے بجائے برطانیہ کو متبادل منصوبہ پیش کرنا چاہیے۔

یورپی یونین نے برطانیہ کی درخواست پر پہلے ہی 29 مارچ سے بڑھا کر 12 اپریل کردی تھی تاہم اب تک برطانوی وزیراعظم تھریسامے پارلیمنٹ کو اپنے پیش کردہ منصوبے پر راضی نہیں کرسکی ہیں، ادھر یورپی یونین کی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹُسک نے تجویز دی ہے کہ بریگزٹ کی ڈیڈ لائن میں ایک سال کی لچک دار توسیع کر دی جائے۔

یہ پڑھیں : بریگزٹ ڈیل میں تاخیر کی قرارداد ایک ووٹ سے کامیاب

دوسری جانب یورپی ممالک اب برطانیہ کو مزید وقت دینے کے لیے رضامند نہیں اور 12 اپریل کو کسی حتمی معاہدے پر پہنچے بغیر ہی انخلاء کا عندیہ دے دیا گیا ہے، یورپی ممالک کا موقف ہے کہ اگر ڈیڈ لائن کو 30 جون تک بڑھا دیا جائے تو برطانیہ رواں برس مئی میں ہونے والے یورپی پارلیمان کے انتخابات میں حصہ لینے کا حق استعمال کرسکتا ہے۔