پاکستان کی بھارت کو کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں سخت وارننگ

اگر بھارت نے کوئی بھی جارحیت کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان


ویب ڈیسک April 07, 2019
اگر بھارت نے کوئی بھی جارحیت کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان، فوٹو: فائل

پاکستان نے بھارت کوکسی بھی مہم جوئی کی صورت میں سخت وارننگ دی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان میں متعین بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارت کی جانب سے متوقع کسی بھی جارحیت پرخبردار کیا گیا۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دوٹوک الفاظ میں آگاہ کیا گیا کہ اگر بھارت نے کوئی بھی جارحیت کی کوشش کی تو منہ توڑجواب دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت پاکستان پر ایک اور حملے کا منصوبہ بنارہا ہے، وزیر خارجہ

پاکستان کی جانب سے یہ وارننگ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کےبیان کے بعد دی گئی ہے، شاہ محمود قریشی نے کہاتھا کہ ہمارے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں کہ بھارت پاکستان میں ایک اور حملے کا منصوبہ بنارہا ہے، یہ کارروائی 16 سے 20 اپریل کے درمیان کی جاسکتی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت بہانے کے طور پر مقبوضہ کشمیر میں پلواما جیسا واقعہ بھی کراسکتا ہے، خدانخواستہ ایسا ہوتا ہے تو خطے پر اس کے کیا اثرات پڑسکتے ہیں اس کا اندازہ لگا سکتےہیں۔