فنڈریزنگ تقریب؛ مستحق طالبعلموں کے اخراجات کیلئےکھلاڑیوں کی اشیا لاکھوں روپےمیں نیلام

زبیر نذیر خان  اتوار 7 اپريل 2019

 کراچی: شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اور گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے اشتراک سے سالانہ فنڈریزنگ ڈنر کی تقریب میں 3 ہزار مستحق طالب علموں کے مالی اخراجات  کے لیے معروف کھلاڑیوں کے زیراستعمال رہنے والی اشیا لاکھوں روپے میں نیلام ہوئیں۔

سالانہ فنڈریزنگ تقریب میں ممتاز آل راؤنڈر شاہد خان کی دستخط شدہ گیند 10 لاکھ میں نیلام ہوئی اور اپنے دور کے عظیم کھلاڑی جہانگیرخان کا ریکٹ ساڑھے 7 لاکھ روپے میں نیلام ہوا جب کہ ان کی شرٹ ان کے ایک پرستار نے 4 لاکھ روپے کی بولی دے کر حاصل کرلی۔

اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے گلوز 5 لاکھ 5 ہزار روپے میں نیلام ہوئے، سابق قومی ہاکی کپتان اولمپئین اصلاح الدین بھی پیچھے نہ رہے، ان کی ہاکی 3 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔

ممتاز کرکٹر بابر اعظم کا بیٹ 2 لاکھ روپے میں نیلام ہوا اور پی ایس ایل میں کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑی پولارڈ کی شرٹ ایک لاکھ جب کہ ڈیرن سیمی کی شرٹ 50 ہزار روپے میں نیلام ہوئی۔

کارخیر کے لیے ہونے والی اس نیلامی میں شاہد خان آفریدی اور جہانگیر خان کو اپنے مداحوں کی جانب سے زبردست پزیرائی ملی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔