دہشت گردی کے واقعات میں 21 فیصد کمی آگئی نیکٹا رپورٹ

بلوچستان اور فاٹا میں دہشت گردی کے واقعات میں مجموعی طور پر 22 فیصد کمی آئی، رپورٹ


ویب ڈیسک April 08, 2019
نیکٹا حکام نے سال 2018ء کے حوالے سے رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کردی (فوٹو: فائل)

نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم (نیکٹا) نے دہشت گردی کے حوالے سے سال 2018ء کی رپورٹ وزیر اعظم عمران خان کو پیش کردی جس کے مطابق 2017ء کے مقابلے میں 2018ء میں دہشت گردی کے واقعات میں 21 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما پاکستان قربانیوں اور مربوط حکمت عملی کی وجہ سے امن کی راہ پر گامزن ہے اور دہشت گرد عناصر کو شکست کا سامنا ہے اس حوالے سے نیکٹا نے ایک رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی ہے جس کے مطابق بلوچستان اور فاٹا میں دہشت گردی کے واقعات میں مجموعی طور پر 22 فیصد کمی آئی، سندھ میں 80 فیصد، پنجاب اور اسلام آباد میں 50 ، آزاد کشمیر میں دہشت گردی کے واقعات میں 67 فیصد کمی آئی۔

رپورٹ کے مطابق دہشت گردی میں کمی کے باوجود بلوچستان زیادہ متاثر صوبہ رہا، 2018ء میں دہشت گردی سے 517 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سے 288 کا تعلق بلوچستان سے تھا۔

حملوں میں فاٹا میں 138، خیبر پختونخوا میں 59 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ پنجاب میں 15، سندھ میں 10، گلگت بلتستان میں 5، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔