پنجاب پولیس میں مالی بے ضابطگیوں کے انکشاف پر نیب کی تحقیقات شروع

پنجاب پولیس کی یونیفارم تبدیلی میں پیسوں کی خورد برد کا بھی جائزہ لیا جائے گا، ذرائع


ویب ڈیسک April 09, 2019
نیب نے محکمہ پولیس کی گزشتہ 7 سال کی خریداری پر تحقیقات شروع کردی ہیں، ذرائع (فوٹو : فائل)

محکمہ پنجاب پولیس میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے انکشاف کے بعد نیب نے تحقیقات شروع کردیں۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ پنجاب پولیس میں مالی بے ضابطگیوں اور پنجاب پولیس میں سامان کی خریداری میں مبینہ کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے جس پر نیب نے گزشتہ 7 سال کی خریداری پر تحقیقات شروع کردی ہیں جب کہ پنجاب پولیس کی یونیفارم تبدیلی میں پیسوں کی خورد برد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔


ذرائع نے بتایا کہ نیب نے محکمہ پنجاب پولیس سے بریٹا پستول، بلٹ پروف جیکٹس اور یونیفارم سمیت دیگر سامان کا ریکارڈ مانگ رکھا ہے، تاہم محکمہ پولیس تاحال خریداری کا ریکارڈ مرتب نہیں کرسکی جس کی وجہ سے انکوائری تاخیر کا شکار ہورہی ہے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے پہلے بھی اینٹی رائٹ فورس کا ریکارڈ مانگ رکھا ہے لیکن محکمہ پولیس نے تاحال نیب کو ریکارڈ فراہم نہیں کیا۔