اپنے ہی گھرمیں ڈکیتی کرانے والا ملزم گرفتار نقدی اور زیور برآمد

مبشرنے مددگار15پر ڈکیتی کی اطلاع دی،تفتیش پرواردات کااعتراف کرلیا، تھانیدار


Staff Reporter April 10, 2019
دادانے جائیدادسے بے دخل کیا، پراپرٹی کے کاغذات بلیک میل کرنے کیلیے چوری کرائے،ملزم۔ فوٹو: ایکسپریس

لانڈھی پولیس نے اپنے ہی گھر میں ڈکیتی کرانے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کر کے نقدرقم، سیونگ سرٹیفکیٹ ، طلائی و چاندی کے زیور اور ڈھائی کروڑ روپے مالیت کی جائیداد کی فائل برآمدکرلی۔

لانڈھی پولیس نے لانڈھی نمبر 5 ، 36ڈی چراغ ہوٹل بسم اللہ مارکیٹ کے قریب دکان سے ایک ملزم مبشر کو گرفتار کرلیا،ایس ایچ اولانڈھی انسپکٹر سعادت بٹ نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے73 ہزار روپے نقد ،48 لاکھ روپے کے سیونگ سرٹیفکیٹ ، طلائی چین ، چاندی کی4 انگوٹھیاں، دستی گھڑیاں اور ڈھائی کروڑ روپے مالیت کی جائیدادکی فائلیں برآمد کی ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ 3 اپریل کو مدد گار 15 پرمبشر نامی شخص نے فون کر کے اطلاع دی تھی کہ اس کی دکان اور گھر میں ڈکیتی کی واردات ہوگئی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر واردات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

گھر کے سربراہ ملزم کے دادا محمد گلاب نے بتایا کہ دو ملزمان ان کی نمکوکی دکان میں آئے اوردکان سے گھر میں داخل ہوکر مذکورہ تمام سامان جو ایک ٹین کی پیٹی میں تھا ساتھ لے گئے جبکہ ملزمان سامان کے ساتھ جائیدار کی اصل فائل بھی اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔

ایس ایچ اونے بتایاکہ جب پولیس کوکال کرنے والے مبشرکوشامل تفتیش کرکے اس سے روایتی اندازسے تفتیش کی گئی تو اس نے واردات کااعتراف کرلیا۔