تجاوزات ہٹانے سے اربوں کی زمین چڑیا گھر میں شامل

میئرکا چڑیا گھراور ایمپریس مارکیٹ کا دورہ، باغ کی جگہ کا معائنہ کیا


Staff Reporter April 11, 2019
میئرکا چڑیا گھراور ایمپریس مارکیٹ کا دورہ، باغ کی جگہ کا معائنہ کیا۔ فوٹو: فائل

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ چڑیا گھر سے تجاوزات ہٹانے کے بعد اربوں روپے مالیت کی زمین چڑیا گھر کی حدود میں شامل ہوگئی ہے۔

وسیم اختر نے ایمپریس مارکیٹ میں زیر تعمیر پارک، چار دیواری اورچڑیاگھر میں زیر تعمیر چار دیواری کی پینٹنگ اور ترقیاتی منصوبوں کے معائنے کے بعد گفتگو میں کہا کہ چڑیا گھر سے تجاوزات ہٹانے کے بعد اربوں روپے مالیت کی زمین چڑیا گھر کی حدود میں شامل ہوگئی ہے۔ چڑیا گھر آئے ہوئے خواتین اور بچوں نے میئر کراچی کے ہمراہ تصاویر بنوائیں۔

میئر کراچی وسیم اختر نے نئے ایکوریم کی چھت کے کام کو ناقص قرار دیتے ہوئے کام بہتر کرنے کی ہدایت کی،میئر نے داخلی دروازے کے ایک جانب موجود کھلے گٹر اور ملبے کو دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا میئر نے چڑیا گھر میں سٹی وارڈنز کی غیر فعال موبائل پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انھوں نے ایمپریس مارکیٹ کے دورے میں ملبہ اٹھائے جانے کے بعد نئے تعمیر ہونے والے باغ کی جگہ کا معائنہ کیا۔