پاکستان کپ عابد علی نے کے پی کے کو جگمگاتی ٹرافی کا حقدار بنا دیا

اوپنر نے132کی شاندار اننگز کھیلی، فائنل میں بلوچستان کو 9 رنز سے شکست، اویس ضیا کی نصف سنچری رائیگاں


فائنل میں بلوچستان کو 9 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فوٹو: پی سی بی

عابدعلی نے خیرپختونخوا کو پاکستان کپ کی جگمگاتی ٹرافی کا حقدار بنا دیا، اوپنر نے 132رنزکی شاندار اننگز کھیلی۔

خیرپختونخوا سے فائنل میں بھرپورمقابلے کے بعد بلوچستان کی ٹیم کو محض9 رنزسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، فاتح الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے7 وکٹ پر 307 کا مجموعہ ترتیب دیا،اوپنر عابد علی نے132 کی اننگز کھیلی، جس میں 12چوکے اور 3 چھکے شامل رہے، سلمان بٹ 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

عابد علی نے ون ڈاؤن پوزیشن پر بیٹنگ کیلیے آنے والے محمد سعد کے ہمراہ دوسری وکٹ کیلیے136 رنزجوڑ کر ٹیم کا ٹوٹل 139تک پہنچایا، اس میں سعد کا حصہ51 رنز رہا، عادل امین (1) اور خوشدل شاہ (2) اس بار زیادہ دیروکٹ پر قیام ممکن نہیں بنا سکے۔

زوہیب خان 27 رنز بناکر نمایاں رہے،اس کے بعد 238 پر ٹیم کی 2وکٹیں گریں، ٹاپ اسکورر عابد علی کے بعد عدنان اکمل 14 رنزبناکر میدان بدر ہوئے، سہیل خان اور وہاب ریاض نے مزید کوئی نقصان کیے بغیر ٹوٹل کو 307 تک پہنچا دیا، سہیل نے 20 گیندوں پر 45 رنزناٹ آؤٹ بنائے جبکہ وہاب 21 بالز پر22 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، علی عمران نے 48 رنزدے کر3 کھلاڑیوں کوپویلین بھیجا،حارث رؤف نے 41رنز کے عوض2 وکٹیں لیں۔

بلوچستان کی ٹیم جوابی اننگز میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر298 رنزتک محدود رہی، اویس ضیا اور ذیشان اشرف کے درمیان 35 رنز کی اوپننگ شراکت کا خاتمہ عرفان کے ہاتھوں ہوا، ذیشان 16رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔

کپتان اسد شفیق اور اویس ضیا نے ٹوٹل 127 تک پہنچایا، اسد شفیق 48 کے انفرادی اسکور پر زوہیب کی گیند پر عدنان اکمل کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہوگئے، عمراکمل 23، علی عمران 27 اور بسم اللہ خان 20 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے، اویس ضیا 83 رنز پر ہمت ہارگئے، ان کی اننگز میں 10 چوکے شامل رہے، فواد عالم 48 کے انفرادی اسکور پر میدان چھوڑ گئے، عماد بٹ11 اور حارث رؤف8 رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے،عمر خان اور محمد عرفان ایک ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے، سہیل خان نے 3 اور عمید آصف نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

عمر اکمل بہترین بیٹسمین، وہاب اور عماد بٹ بیسٹ بولرز قرار پائے

پاکستان کپ کی فاتح ٹیم خیبرپختونخوا کو ونر ٹرافی کے ہمراہ 20لاکھ روپے کیش پرائز دیاگیا جبکہ بلوچستان کو رنر اپ ٹرافی اور10لاکھ انعام ملا، ایونٹ کے بہترین بیٹسمین کا ایوارڈ عمر اکمل نے وصول کیا، بیسٹ بولر وہاب ریاض اور عماد بٹ جبکہ بہترین آل راونڈرحماد اعظم قرار پائے، انھیں سووینیئر اور 25,25ہزار روپے کیش ایوارڈ ملا۔

اختتامی تقریب کے موقع پرمہمان خصوصی پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے