جاپان میں امریکی بحریہ کے اہلکار اور مقامی خاتون کا دہرا قتل

امریکی اہلکار نے مبینہ طور پر جاپانی خاتون کو قتل کرکے خودکشی کرلی، جاپانی ڈپٹی وزیر خارجہ


ویب ڈیسک April 14, 2019
امریکی اہلکار نے مبینہ طور پر جاپانی خاتون کو قتل کرکے خودکشی کی، ڈپٹی وزیر خارجہ فوٹو : جاپانی میڈیا

جاپان میں امریکی نیوی کے اہلکار اور ان کے ساتھ مقیم جاپانی خاتون کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے جزیرے اوکیناوا میں ایک اپارٹمنٹ کے کمرے میں جاپان میں تعینات امریکی بحریہ کے اہلکار اور ایک مقامی خاتون کی لاش ملی ہے۔ کمرے میں ہر جگہ خون بکھرا ہوا تھا اور دونوں کے جسم میں چھریوں کے وار کے نشانات موجود تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، کمرے میں ایک زخمی بچہ بھی موجود تھا جسے طبی امداد دی جا رہی ہے، بچے کے جسم پر بھی چاقو کے وار کے نشانات ہیں۔ ہلاک ہونے والے جوڑے اور زخمی بچے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

جاپان کے ڈپٹی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں قتل کی واردات کو 'خودکشی بعد از قتل' قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی اہلکار نے خاتون کو قتل کرکے خود کشی کرلی تاہم پولیس نے اس بیان پر کسی قسم کی تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں اور قبل از وقت کچھ کہنا ممکن نہیں۔