ٹک ٹوک ویڈیو بنانے کے دوران گولی چلنے سے نوجوان ہلاک

ویب ڈیسک  پير 15 اپريل 2019
ٹک ٹوک ویڈیو بناتے وقت دوست نے غلطی سے سلمان پر گولی چلادی (فوٹو : بھارتی میڈیا)

ٹک ٹوک ویڈیو بناتے وقت دوست نے غلطی سے سلمان پر گولی چلادی (فوٹو : بھارتی میڈیا)

نئی دلی: بھارت میں سماجی رابطے کی ایپ ٹک ٹوک پر ویڈیو بنانے کے دوران غلطی سے گولی چل جانے پر 19 سالہ نوجوان سلمان ہلاک ہوگیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی دارالحکومت کے علاقے جعفر آباد کا رہائشی نوجوان سلمان اپنے دو دوستوں سہیل اور عامر کے ہمراہ انڈیا گیٹ سیر و تفریح کے لیے گیا تھا، جہاں سے واپسی پر سہیل نے ٹک ٹوک ویڈیو بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے سلمان کی جانب پستول کا رخ کر دیا جو غلطی سے چل گئی۔

گولی سلمان کے گردن میں لگی جس کے باعث کافی خون بہہ گیا، سہیل اور عامر نے سلمان کو اسپتال لے جانے کے بجائے پہلے اپنے ایک رشتہ دار کے گھر لے گئے جہاں سہیل نے اپنے خون کے دھبے لگے کپڑے تبدیل کیے اور پھر سلمان کو لے کر قریبی اسپتال پہنچا تاہم اس وقت تک دیر ہوچکی تھی اور ڈاکٹرز نے سلمان کی موت کی تصدیق کردی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سہیل ملک اور عامر کو قتل اور شواہد مٹانے کے جرم میں گرفتار کرلیا ہے اگر دونوں دوست سلمان کو بروقت اسپتال لے جاتے تو شاید اس کی جان بچ سکتی تھی، ملزمان کے دعوے اور کیس کے ہر پہلو پر تحقیقات کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔