نائٹ ٹیسٹ، پاکستانی کرکٹرز کیلیے 1 ملین ڈالر کا خصوصی پیکیج تیار

اسپورٹس ڈیسک  منگل 16 اپريل 2019
فلڈ لائٹس میں کھیلنے پر گرین کیپس کی عدم دلچسپی کے بعد آسٹریلیا کا آپشن پرغور،پی سی بی کینگروز کے نہ آنے پر ناراض۔ فوٹو : فائل

فلڈ لائٹس میں کھیلنے پر گرین کیپس کی عدم دلچسپی کے بعد آسٹریلیا کا آپشن پرغور،پی سی بی کینگروز کے نہ آنے پر ناراض۔ فوٹو : فائل

سڈنی: پاکستان کی بھی ایڈیلیڈ میں نائٹ ٹیسٹ کھیلنے میں دلچسپی ختم ہونے لگی جب کہ کرکٹ آسٹریلیا نے پی سی بی کو منانے کی کوششیں تیز کردیں، کھلاڑیوں کو ایک ملین ڈالر کا خصوصی پیکج بھی دیا جا سکتا ہے۔

آسٹریلیا ایڈیلیڈ میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے تسلسل سے انعقاد کیلیے کوشاں تاہم مہمان سائیڈز مسلسل انکار کررہی ہے، گذشتہ برس بھارت نے رات کو پنک گیند سے طویل طرز کی کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا کو امید تھی کہ رواں برس پاکستانی ٹیم ایڈیلیڈ میں نائٹ ٹیسٹ کھیلے گی۔

آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی اس پر تیار بھی ہوگیا تھا تاہم آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کے ٹور سے انکار پر اس نے بھی سخت ردعمل کا فیصلہ کیا،اب کرکٹ آسٹریلیا پر واضح کیا گیا ہے کہ وہ نائٹ ٹیسٹ نہیں کھیل سکتا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آسٹریلیا سے گزشتہ ماہ یو اے ای میں کھیلی جانے والی 5 ون ڈے کی سیریز کے 2 میچز اپنے ملک میں کھیلنے کی درخواست ہوئی تھی جسے سی اے نے اپنے سیکیورٹی ماہرین بھیجے بغیر ہی مسترد کردیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیاکہ جس طرح کرکٹ آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ میں تاریخ کے پہلے نائٹ ٹیسٹ کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلیے مہمان پلیئرز کو ایک ملین ڈالر کا خصوصی پیکج دیا تھا، ایسا اس بار بھی کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا پہلے ہی اس موسم گرما کی اپنی دوسری مہمان سائیڈ نیوزی لینڈ کو پرتھ میں نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر راضی کرچکا ہے۔

ادھر کرکٹ آسٹریلیا پر بھارت کی جانب سے بھی دباؤ ہے کہ وہ جنوری میں ون ڈے سیریز کیلیے اپنی ٹیم ان کے ملک بھیجے، گذشتہ 40 برس کے دوران کبھی بھی کینگروز نے اپنے ہوم سیزن کے دوران کسی دوسرے ملک کا ٹور نہیں کیا، اسی لیے بھارتی مطالبے پر بھی حکام پریشانی میں مبتلا ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔