ایشیا کپ ہاکی قومی ٹیم آج ملائشیا روانہ ہوگی

ہمارے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں، بھر پور تیاریوں کے ساتھ جا رہے ہیں، چیف کوچ اختر رسول کا عزم


Sports Reporter August 19, 2013
ہمارے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں، بھر پور تیاریوں کے ساتھ جا رہے ہیں، چیف کوچ اختر رسول کا عزم۔ فوٹو: فائل

ایشیا کپ میں فتح کا عزم لیے 18 رکنی قومی ہاکی ٹیم پیر کی رات کوکپتان محمد عمران کی قیادت میں ملائیشیا روانہ ہوگی۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے بیرون ملک روانہ ہونے والوں میں سلمان اکبر، عمران بٹ، محمد عمران(کپتان)، وسیم احمد ، محمد عرفان ، رضوان جونیئر، محمد توثیق ، راشد محمود ، فرید احمد، عامر شہزاد، وقاص شریف، شفقت رسول، عبدالحسیم خان، شکیل عباسی، زبیر علی، علی شان، محمد دلبر اور عمر بھٹہ شامل ہیں۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ اختر رسول اور کوچ طاہر زمان ہیں۔

یاد رہے کہ نواں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ 24 اگست سے یکم ستمبر تک ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں آٹھ ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، ملائیشیا، جاپان، چائینز تائپے جبکہ گروپ بی میں بھارت، کوریا، اومان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔



ہیڈ کوچ اختر رسول کا کہنا ہے کہ قوم کی دعائوں سے قومی ہاکی ٹیم ایشیا کپ جیت کر وطن واپس لوٹے گی ۔ انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے لاہور میں لگنے والے تربیتی کیمپ میں بہت محنت کی ہے اور کافی حد تک ان کی خامیوں کو دور کیا گیا ہے۔

ایک سوال پر چیف کوچ نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ ہمارے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اس لیے ہم بھر پور تیاریوں کے ساتھ ملائیشیا جا رہے ہیں اور ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد وطن واپس لوٹیں گے۔ پاکستان ٹیم ایونٹ میں 24 اگست کو جاپان سے افتتاحی میچ کھیلے گی، 25 اگست کو دوسرا مقابلہ میزبان ملائیشیا سے شیڈول ہے جبکہ لیگ کا آخری معرکہ 27 اگست کو چین سے ہوگا۔