پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے 24 اکتوبر 2025 کے انتخابات غیر قانونی قرار

عدالت نے انتخابی عمل مکمل  ہونے تک ایڈہاک کمیٹی قائم کرنے کا حکم بھی دیا


فیاض محمود November 07, 2026

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے 24 اکتوبر 2025 کے انتخابات غیر قانونی قرار دے دیے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے 90 روز میں  نئے انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ الیکشن کمیشن نوٹیفائی کر کے اپنے آئین کے رول 17 کے مطابق نئے انتخابات کرائے اور انتخابی شیڈول کے اعلان سے نتائج کےاعلان تک کا تمام عمل 90 دن میں مکمل کیا جائے۔

عدالت نے انتخابی عمل مکمل  ہونے تک وزارت بین الصوبائی رابطہ کے ایڈیشنل سیکرٹری کی سربراہی میں ایڈہاک کمیٹی قائم کرنے کا حکم بھی دیا۔

ایڈہاک کمیٹی میں ڈائریکٹر نیشنل اسپورٹس فیڈریشنز اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بطور ممبر شامل کیا جائے جبکہ پنجاب، کے پی، سندھ اور بلوچستان سے ایک ایک سابق بیڈمنٹن چیمپئن کو بھی ایڈہاک کمیٹی میں شامل کیا جائے۔

پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کی نئی باڈی کے چارج سنبھالنے تک ایڈہاک کمیٹی روزمرہ امور چلائے۔