نجی اسکولوں میں یونیفارم اور اسٹیشنریز کی فروخت غیر قانونی قرار

ویب ڈیسک  جمعـء 19 اپريل 2019
نجی اسکولوں پر یونیفارم اور اسٹیشنری کی مد میں وصول کی جانے والی رقم پر بھی پابندی عائد۔ فوٹو:فائل

نجی اسکولوں پر یونیفارم اور اسٹیشنری کی مد میں وصول کی جانے والی رقم پر بھی پابندی عائد۔ فوٹو:فائل

کراچی: صوبائی محکمہ تعلیم نے سندھ میں نجی اسکولوں کے یونیفارم اور اسٹیشنری فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے بھر میں نجی اسکولوں میں کاپیاں، کتابیں،  یونیفارم اوراسٹیشنری فروخت کرنے پر نوٹس لے لیا ہے اور اس عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کردی ہے، اور اسکولوں کے معائنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری ہونے والے  بیان میں کہا گیا ہے کہ نجی اسکول یونیفارم اور اسٹیشنیریز پر4 گنا زیادہ قیمت وصول کررہے ہیں، لیکن اب تمام نجی اسکول کاپی اور یونیفارم فروخت نہیں کرسکیں گے، بچوں کے والدین مارکیٹ سے اپنی مطلوبہ کتابیں اور کاپیاں خرید سکتے ہیں۔

صوبائی محکمہ تعلیم نے نجی اسکولوں پر یونیفارم اور اسٹیشنری کی مد میں وصول کی جانے والی رقم پر بھی پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو اسکول یونیفارم یا اسٹیشنری فروخت کرتا پایا گیا اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔