پوری کوشش ہے کہ میں بھی عمران خان کی طرح ورلڈ کپ جیتوں، سرفراز احمد

ویب ڈیسک  پير 22 اپريل 2019
ورلڈ کپ کے تمام میچز جیتنے کی کوشش کریں گے، سرفراز احمد۔ فوٹو : فائل

ورلڈ کپ کے تمام میچز جیتنے کی کوشش کریں گے، سرفراز احمد۔ فوٹو : فائل

 لاہور: کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ میری پوری کوشش ہے کہ میں بھی عمران خان کی طرح ورلڈ کپ جیتوں اور پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

قذافی اسٹیڈیم میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ میگا ایونٹ کے دوران اپنی صلاحیت سے زیادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ امام الحق اور فخر زمان ٹیم کی اوپننگ کے لیے موجود ہوں گے، عابد علی کی صورت میں ہمارے پاس اوپننگ کا تیسرا آپشن موجود ہے، امید ہے اوپنرز پاکستانی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کریں گے۔

قومی کپتان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ دونوں تجربہ کار کھلاڑی ہیں، ان کھلاڑیوں سے زیادہ زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری نظر میں کوئی ایک کھلاڑی نے بلکہ ٹیم کا ہرکھلاڑی میرے لیے ٹرم کارڈ ثابت ہوگا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ عمران خان نے ہمیں وزیراعظم ہاؤس بلا کر ہماری حوصلہ افزائی کی جس پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، انھوں نے ٹیم کو بھر پور سپورٹ کیا اور کہا کہ رزلٹ جو بھی ہو ہم آپ کو بھرپور سپورٹ کریں گے۔ ایک سوال پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ عماد وسیم نے جنوبی افریقا کے خلاف بہترین بیٹنگ کی ہے، کیمپ کے دوران بھی بہت اچھی بیٹنگ کی لہذا امید ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کے خلاف ہی نہیں بلکہ ورلڈ کپ کے تمام دس میچ جیتنے کی کوشش کریں گے، قوم کی کوشش ہوتی ہے کہ ہم بھارت کے خلاف جیتیں، ہمارا ہدف یہ ہوگا کہ افغانستان کے خلاف بھی بھارت کی طرح کھیل پیش کرکے فتح حاصل کریں، محمد حسنین میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جس کا اظہار انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران بھی کیا ہے، اکیڈمی میں ان کی بولنگ میں موجود خامیوں اور فٹنس پر کافی کام کیا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ورلڈکپ کے دوران وہ اہم رول ادا کر سکتے ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ محمد عامر کے پاس اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے، حسن علی اور شاہین بھی اچھی فارم میں ہیں۔ ایک سوال پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہر کپتان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بہترین کارکردگی دکھائے، میری بھی کوشش ہوگی کہ میں بھی عمران خان کی طرح ورلڈ کپ جیتوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔