نشوا ہار گئی اور ظلم جیت گیا، والد قیصر علی

ویب ڈیسک  پير 22 اپريل 2019
تصویریں کھنچتی رہیں گی لیکن کچھ نہیں ہوگا، قیصر علی فوٹو:اسکرین گریب

تصویریں کھنچتی رہیں گی لیکن کچھ نہیں ہوگا، قیصر علی فوٹو:اسکرین گریب

 کراچی: غلط انجکشن سے جاں بحق بچی نشوا کے والد نے کہا ہے کہ میری بیٹی ہار گئی اور ظلم جیت گیا۔

کراچی میں نجی اسپتال دارالصحت میں غلط انجکشن سے ذہنی طور پر مفلوج ہونے والی بچی نشوا آج انتقال کرگئی۔ ننھی نشوا کے والد قیصر علی صدمے سے انتہائی نڈھال تھے۔ انہوں نے زار و قطار روتے ہوئے کہا کہ میری بیٹی چلی گئی، اس نے بہت ہمت کی لیکن وہ ہار گئی اور ظلم جیت گیا، خدا کے لیے مل کر کچھ کریں تاکہ کسی اور کی بیٹی نہ جائے۔

ادھر کراچی کی مقامی عدالت نے نشوا کو غلط انجکشن لگانے کے مقدمے میں گرفتار 3 ملزمان نرسنگ منيجر عاطف، ڈيوٹی ايڈمن افسر احمر، اور آغا معيز کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے نرس ملزمہ ثوبیہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

مدعی کے وکیل منیر احمد نے موقف دیا کہ جائے وقوعہ کوسیل کیا جائے، اسپتال کے مالک کو گرفتار کیا جائے، مرکزی ملزم ڈاکٹرعطیہ کو چھوڑ کر عدالتی حکم کیخلاف ورزی کی گئی، تفتیشی افسر نے ملزمہ کو شخصی ضمانت پر رہا کیا جس کا اسے اختیار نہیں تھا۔ اسپتال میں آگ بھی خود ہی لگائی گئی تاکہ ریکارڈ ضائع کیا جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔