کئی علاقوں میں شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے

کئی علاقوں میں ہفتوں سے پانی نہیں آیا،واٹربورڈ نے شکایات کا نوٹس نہیں لیا۔


Staff Reporter April 26, 2019
 لیاری ہنگورہ آباد کے مکین پانی کی عدم فراہمی کیخلاف گھروں سے باہرنکل آئے،ماڑی پورروڈ اور دیگرسڑکوں پرٹریفک جام۔ فوٹو :فائل

شہرکے کئی علاقوں میں شہری پانی کی بوند بوندکو ترس گئے۔

سرجانی ٹاؤن ،نارتھ کراچی سیکٹر 11بی،کھارادر،لانڈھی، لیاقت آباد، بلدیہ ٹاؤن، کورنگی، ملیر سمیت کئی علاقوں میں کئی ہفتوں سے پانی نہیں آیا، لیاری ہنگورہ آباد کے مکین پانی کی عدم فراہمی کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ،علاقہ مکین گھروں سے باہرنکل آئے ،ماڑی پور روڈ دعا ہوٹل کے سامنے احتجاج شروع کردیا۔ احتجاجی مظاہرین کی جانب سے تقریباً 3 گھنٹے تک احتجاج کیاگیا۔

مشتعل مظاہرین نے ماڑی پورروڈ پررکاوٹیں کھڑی کرکے روڈ ٹریفک کیلیے بلاک کردیا،احتجاجی مظاہرین کی جانب سے واٹربورڈ حکام کے خلاف شدید نعری بازی بھی کی گئی، احتجاج کے باعث ماڑی پورروڈ،گل بائی ،مائی کلاچی روڈ، جناح پل، نیٹی جینٹی پل، آئی آئی چندریگرروڈ، ایم اے جناح رڈ،ویسٹ وہاف روڈ سمیت دیگر سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیااورگاڑی کی لمبی قطاریں لگ گئی جس کے باعث ٹریفک جام میں سیکڑوں شہری ٹریفک جام میں پھنس کررہ گئے۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ لیاری ہنگورہ آباد ، مچھر کالونی اوراس کے اطراف کے علاقوں میں کئی روزسے پانی کی فراہمی معطل ہے جس کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوکررہ گئی،کئی باہرواٹربورڈ حکام کوشکایات درج کرائیں لیکن ان کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی ،مجبورا انھوں نے احتجاج کا راستہ اپنایا، احتجاج تقریباً 3 گھنٹے جاری رہا اس دوران ماڑی پورروڈ، گلبائی ،مائی کلاچی روڈ،آئی آئی چند ریگر روڈ،ویسٹ وہاف روڈ سمیت دیگرسڑکوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور ٹریفک جام میں شہری پھنس گئے۔

بدترین ٹریفک جام کے باعث کئی گاڑیوں میں ایندھن ختم ہو گیا جس کے باعث گاڑیوں کے مالکان اپنی گاڑیاں دھکا لگا کر سڑک کنارے کرتے بھی دکھائے،ٹریفک جام میں کئی ایمولینسں بھی پھنسی رہیں جس کے باعث ایمبولینسوں میں سوار مریض اوران کے اہلخانہ کو تاخیر سر اسپتال پہنچایا گیا جبکہ ٹریفک جام کے باعث دفاتر سے گھر جانے والے شہری بھی کئی گھنٹے پھنسے رہے۔

احتجاج اور ٹریفک جام کی اطلاع ملتے ہی ایس پی لیاری افتخارلودھی ،ایس ڈی ایم عبدالرکریم اور رینجرز حکام موقع پر پہنچ گئے اور احتجاجی مظاہرین سے مذاکرات شروع کردیے اس دوران واٹر بورڈ حکام کو بھی طلب کر لیا گیا۔

ایس پی لیاری افتخاری لودھی کے مطابق واٹربورڈ حکام نے یقین دہائی کرائی ہے رات کو لیاری ہنگورہ آباد اور دیگرمتاثرہ علاقوں میں پانی فراہم کردیا جائے گا جس پر احتجاجی مظاہرین اپنا احتجاج ختم کردیا۔