ملیر جیل میں منشیات بیچنے والے قیدی سینٹرل جیل منتقل

منشیات فروش گینگ کے سرغنہ دائود پٹھان نے پوچھ گچھ کے دوران کئی اہم نام بھی اگل دیے


Staff Reporter April 27, 2019
منشیات فروشوں کے سہولت کار جیلر نبی داد زرداری اور دیگر اہلکاروں کومکمل طور پرمحفوظ کر لیا گیا۔ فوٹو: فائل

ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے منشیات فروشی میں ملوث دائود پٹھان سمیت سمیت بڑی تعداد میں قیدی سینٹرل جیل منتقل کردیے گئے۔

روزنامہ ایکسپریس نے جمعرات کو خبر شائع کی تھی کہ ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں جیلر نبی داد زرداری قیدی دائود پٹھان اور دیگر کے ساتھ مل کر منشیات فروشی میں ملوث ہے اور جیل میں باآسانی منشیات دستیاب ہے۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام نے فوری ایکشن لیا اور دائود پٹھان عرف جنید ولد یعقوب نامی قیدی سمیت کئی قیدی ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے سینٹرل جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ منتقلی کے وقت دائود پٹھان نے انتہائی شور شرابہ کیا اور جیل حکام سے احتجاج اور انتہائی تلخ کلامی بھی ہوئی۔

بعدازاں انتظامیہ نے صورتحال کو سنبھالتے ہوئے دائود پٹھان سمیت دیگر قیدیوں کو سینٹرل جیل منتقل کردیا لیکن حیرت انگیز طور پر منشیات فروشی میں ملوث جیلر نبی داد زرداری اور اس کے دیگر سپاہیوں کو بچالیا گیا اور ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

دائود پٹھان سے جب سینٹرل جیل میں پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے کئی اہم نام بھی اگل دیے ہیں جس کے بعد ملیر جیل میں مزید کارروائی کا بھی امکان ہے۔