کرنٹ اکاؤنٹ گزشتہ ماہ 4 کروڑ60لاکھ ڈالرسرپلس ہوگیا

رواں مالی سال کے آغاز سے ہی معاشی اشاریے بہتر ہورہے ہیں۔


Business Reporter August 21, 2013
سرمایہ کاری میں بہتری کے بعد اب کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس میں بھی مثبت رجحان نظر آرہا ہے۔فوٹو : اے ایف پی / فائل

رواں مالی سال کے آغاز سے ہی معاشی اشاریے بہتر ہورہے ہیں، سرمایہ کاری میں بہتری کے بعد اب کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس میں بھی مثبت رجحان نظر آرہا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی 2013کے مہینے میں کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس 4کروڑ 60لاکھ ڈالر سرپلس رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے مہینے جولائی 2012میں کرنٹ اکاؤنٹ کو 42 کروڑ 70لاکھ ڈالر کے خسارے کا سامنا تھا۔ کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس میں بہتری کی وجہ ترسیلات میں اضافہ اور تجارتی خسارے میں کمی قرار دی جارہی ہیں جس کے نتیجے میں فنانشل اکاؤنٹ کے بیلنس میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔



گزشتہ مالی سال کے پہلے مہینے میں بیرونی تجارت کو 1ارب 39کروڑ ڈالر کا خسارہ درپیش تھا جو رواں سال کم ہوکر 1ارب 18کروڑ ڈالر رہا، اسی طرح ترسیلات زر 1ارب 20کروڑ 50لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 1ارب 40کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہیں، فنانشل اکاؤنٹ کا بیلنس 50لاکھ ڈالر سرپلس تھا جو اب بڑھ کر 26کروڑ 20لاکھ ڈالر سرپلس رہا، متفرق سرمایہ کاری 8کروڑ 80لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 41کروڑ 90لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی، اس طرح جولائی 2013 کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس جی ڈی پی کے 0.2فیصد کے برابر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال جولائی کے دوران جی ڈی پی کے 2.1فیصد کے مساوی خسارے کا سامنا تھا۔