کراچی:
وزارت صنعت کے ماتحت ادارے سائٹ لمیٹڈ میں تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگی کا بدترین بحران جاری ہے۔ستمبر 2026 کی تنخواہیں اور پنشن اب تک ادا نہ ہوسکیں مگر بے حسی عروج پر ہے۔ جہاں غریب پنشنرز اور ملازمین گزشتہ ماہ کی ادائیگیوں کے منتظر ہیں تو دوسری جانب دفتر میں بڑے بڑے ظہرانے جاری ہیں۔
اسی نوعیت کی ایک دعوت جمعے کے روز سائٹ لمیٹڈ کے مرکزی دفتر کے فرسٹ فلور پر وزیر صنعت سندھ جام اکرام اللہ دھاریجو کے دفتر کے سامنے منعقد کی گئی۔
اس ظہرانے کے مینیو میں مچھلی،سیخ کباب، نان ، مشروب اور دیگر لوازمات شامل تھے۔ سائٹ لمیٹڈ کے تمام افسران نے اس بڑے کھانے میں شرکت کی جبکہ ملازمین اور پنشنرز ادائیگیوں کے ایس ایم ایس کے منتظر رہے۔ اس نوعیت کے ظہرانے سائٹ لمیٹڈ میں تواتر سے منعقد کیے جارہے ہیں مگر ادارے کے مالی حالات بہتر کرنے ، تنخواہوں یا پنشنز کی ادائیگی وقت پر لانے پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ۔
ملازمین نے بتایا ہے کہ در اصل یہ ظہرانے ان افسران کی جانب سے دیے جا رہے ہیں جنہوں نے حال ہی میں عہدوں پر ترقیاں حاصل کی ہیں ، اپنے سابقہ عہدوں پر بحال ہوئے ہیں یا پھر انہیں نئی پوسٹنگز اور چارج ملے ہیں۔
واضح رہے کہ سرکاری دفاتر میں اس قسم کے ظہرانوں کا انعقاد صوبائی قوانین، سادگی پالیسی اور سندھ سروسز ایکٹ کی خلاف ورزی میں آتے ہیں۔