سپریم کورٹ نے لال مسجد آپریشن از خود نوٹس نمٹا دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 2 مئ 2019
حکومت نے جامعہ حفصہ کی تعمیر اور زمین دینے کی یقین دہانی کرادی فوٹو:فائل

حکومت نے جامعہ حفصہ کی تعمیر اور زمین دینے کی یقین دہانی کرادی فوٹو:فائل

 اسلام آباد: حکومت کی جانب سے جامعہ حفصہ کی تعمیر اور زمین دینے کی یقین دہانی پر سپریم کورٹ نے لال مسجد آ پریشن از خود نوٹس کیس نمٹا دیا۔

جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے لال مسجد آ پریشن از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے حکومت کی جانب سے جامعہ حفصہ کی تعمیر اور زمین دینے کی یقین دہانی پر از خود نوٹس کیس نمٹا دیا۔

اٹارنی جنرل نے لال مسجد اور جامعہ حفصہ سے متعلق سربمہر رپورٹ جمع کراتے ہوئے کہا کہ حساس معاملہ ہونے کے باعث سربمہر رپورٹ پیش کررہا ہوں۔ جسٹس یحییٰ آ فریدی نے کہا کہ اگر سربمہر رپورٹ سے متعلق کوئی قانون نہیں تو رپورٹ دیکھنا فریقین کا حق ہے۔

جسٹس گلزار نے کہا کہ جامعہ حفصہ سے متعلق رپورٹ میں ایسی کوئی خفیہ بات نہیں، یہ تو ایک مجسٹریٹ کا دستخط شدہ کاغذ ہے، کیا آپ جامعہ حفصہ کو پلاٹ دے رہے ہیں؟۔ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ پہلے پلاٹ کے برابر 200 گز کا پلاٹ جامعہ حفصہ کی تعمیر کیلئے دیا جائے گا، سپریم کورٹ کے سابقہ حکم مطابق جامعہ حفصہ حکومتی ملکیت ہوگی۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ ہمارے سامنے صرف پلاٹ کا ہی ایشو ہے باقی معاملات حکومت جانے، ہم کسی بھی نئے ایشو میں نہیں جائیں گے۔ جسٹس یحییٰ آ فریدی نے کہا کہ عدالت پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ حکومتی جائیداد پر تعمیر ہونے والا مدرسہ بھی حکومت کا ہوگا، جب پلاٹ حکومت دے رہی ہے تو پھر کنٹرول بھی حکومت کا ہی ہو گا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ زمین اور تعمیر کی یقین دہانی کے بعد کیس چلانے کا مقصد نہیں رہتا۔ یہ کہہ کر عدالت نے لال مسجد آپریشن از خود نوٹس نمٹادیا۔

وکیل لال مسجد نے کہا کہ کیس میں بہت سے ایشوز ہیں ایسے ختم نہیں کیا جاسکتا، یہ کیس صرف ایک پلاٹ کیلئے نہیں تھا، دیت ،لال مسجد آپریشن سمیت مختلف ایشوز تھے۔ جسٹس گلزار نے کہا کہ جو ایشو ہیں بتا دیں سن لیتے ہیں، دیت کا فیصلہ تو سیشن کورٹ کرے گی، کیس نمٹا چکے ہیں لیکن اپکے ایشوز کو وقفہ کے بعد سن لیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔