شہبازشریف ملیر جیل واپس آجائیں بیرک صاف کرادی ایاز سومرو

قانون کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مفرور ہیں، جیل سے نکلوانے کی تحقیقات ہونی چاہیے


INP August 27, 2012
قانون کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مفرور ہیں، جیل سے نکلوانے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ فوٹو: فائل

وزیر قانون سندھ ایاز سومرو نے کہا ہے کہ پنجاب کے وزیر قانون مجھے قانون نہ سکھائیں، ملیر جیل کے ریکارڈ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مفرور ہیں' اس بات کی تحقیقات ہونی چاہیے کہ شہباز شریف کو شاہی طیارے کے ذریعے وہاں سے کس نے نکلوایا؟ عدلیہ معاملے کانوٹس لے۔

وہ اتوارکویہاں سابق ضلع ناظم سیکریٹریٹ حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ایاز سومرو نے کہا کہ عدلیہ اس بات کا از خود نوٹس لے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو کس کے حکم پر چھوڑا گیا تھا کیونکہ انھیں چھوڑنے کا کوئی ریکارڈ جیل میں موجود نہیں اور وہ قانون کے مطابق مفرور ہیں۔

انھوں نے کہا کہ شہباز شریف ملیر جیل واپس آجائیں ان کی بیرک خالی پڑی ہے اور اس کی صفائی کرادی ہے، وہ واپس آجائیں گے تو ان کے عہدے کے مطابق ان کا کیس بی کلاس کردیا جائے گا اور انھیںجیل مینوئل کے مطابق سہولت دیں گے، ایاز سومرو نے کہا کہ شہباز شریف کو طیارہ ہائی جیکنگ کیس اور نیب کے مقدمات میں عدلیہ نے ملیر جیل بھیجا تھا مگر انھیں شاہی طیارے کے ذریعے وہاں سے کس نے نکلوایا اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔