افغان صدر کا 175 طالبان کی رہائی کے اعلان کیساتھ جنگ بندی کا عندیہ

طالبان کو ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے موقع دینے کے لیے تیار ہیں، اشرف غنی


ویب ڈیسک May 03, 2019
افغان صدر نے عظیم مشاورتی جرگہ کی تمام تجاویز مان لیں (فوٹو : فائل)

صدر اشرف غنی نے 175 طالبان کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے مشروط جنگ بندی کا عندیہ دے دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے عظیم مشاورتی جرگہ برائے امن کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر طالبان مثبت ردعمل کی یقین دہانی کرائے تو افغان حکومت جنگ بندی کے لیے تیار ہے۔

صدر اشرف غنی نے مزید کہا کہ طالبان کو ملک کی ترقی کے لیے کام کرنے کے لیے گراؤنڈ دینے کو تیار ہیں، جرگے کی جانب سے یہ دوستانہ تجویز دی گئی ہے جس پر افغان حکومت عمل درآمد کرائے گی۔

اس موقع پر افغان صدر نے جذبہ خیر سگالی کے تحت 175 طالبان کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کابل یا کسی بھی صوبے میں اپنا وفد بھیجے اور رہا کیے گئے طالبان کو اپنے ہمراہ لے جائیں۔

صدر اشرف غنی نے کہا کہ افغان امن کے بعد پاکستان سے تجارتی تعلقات میں مزید بہتری آنے کی امید ہے، ہمسایہ برادر ملک ہونے کی وجہ سے پاکستان سے دوطرفہ خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں۔

افغان صدر نے افغان امن مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش کرنے والے ممالک کا نام لے کر شکریہ ادا کیا اور طالبان سے بیرون ملک کے بجائے افغان سرزمین میں مذاکرات کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔