افغانستان میں اتحادی افواج کی بمباری میں 43 داعش جنگجو ہلاک

طالبان نے صوبے بادغیس میں مختلف پولیس چوکیوں پر حملے کر کے 7 اہلکاروں کو ہلاک کردیا


ویب ڈیسک May 04, 2019
اتحادی افواج کے طیاروں نے داعش جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ فوٹو : فائل

افغانستان میں اتحادی افواج نے فضائی حملے میں 43 داعش جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے جب کہ طالبان کے پولیس چیک پوسٹوں پر حملے میں 7 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان صوبے کنڑ میں اتحادی افواج نے فضائی بمباری میں داعش جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 43 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ یہ ہلاکتیں کنڑ میں دو مختلف مقامات پر فضائی بمباری کے نتیجے میں ہوئیں۔

افغان فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے کنڑ کے ضلع چھاپرا میں کیے گئے فضائی حملے میں ہلاک ہونے والوں جنگجوؤں میں سے اکثریت بیرون ملک سے آئے ہوئے افراد کی ہے۔ ان علاقوں میں تاحال شدت پسند جماعتیں متحرک ہیں۔

دوسری جانب افغان طالبان نے بادغیس کے علاقے میں پولیس چیک پوسٹوں پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ قاضی کے علاقے میں طالبان حملے میں 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ ان علاقوں میں افغان سیکیورٹی فورسز کی مزید نفری تعینات کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عظم مشاورتی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے افغان صدر اشرف غنی نے 175 طالبان جنگجوؤں کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے امن مذاکرات کے تناظر میں مشروط جنگ بندی کا عندیہ دیا تھا تاہم اس پر طالبان کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

مقبول خبریں