چترال سے منتخب کالاش کمیونٹی کے ایم پی اے کی اقوامِ متحدہ کے خصوصی فورم میں شرکت

چترال میں کالاش برادری سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ایم پی اے کا یو این ایف پی آئی آئی اجلاس سے خصوصی خطاب


ویب ڈیسک May 05, 2019
چترال میں کالاش برادری سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ایم پی اے کا یو این ایف پی آئی آئی اجلاس سے خصوصی خطاب (فوٹو: فائل)

چترال میں اپنی نوعیت کی منفرد آبادی 'کالاش' سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ایم پی اے کو بطورِ خاص اقوامِ متحدہ کے ایک خصوصی فورم میں مدعو کیا جو دنیا میں انفرادی خصوصیات رکھنے والی آبادیوں سے متعلق تھا۔

یو این پرماننیٹ فورم آن انڈی جینیئس ایشوز(یواین ایف پی آئی ائی) کا اجلاس ہر سال منعقد ہوتا ہے جس میں دنیا کی ایسی آبادیوں سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کو مدعو کیا جاتا ہے جو اپنی رسوم و روایات کے تحت ایک انفرادی شناخت رکھتے ہیں اور ان کی آبادی کو اپنی بقا کا خطرہ بھی لاحق ہوتا ہے۔ اجلاس میں ایسی آبادیوں سے متعلق تجاویز اور دیگر امور پر غور کیا جاتا ہے۔

اس بار کالاش سے تعلق رکھنے والے وزیر زادہ نے اس فورم میں شرکت کی اور دنیا کو کالاش آبادی سے متعلق آگاہ کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ چترال کی تین وادیوں میں موجود کالاش تہذیب سے تعلق رکھتے ہیں جن کے اراکین کی تعداد صرف 4000 ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2000 برس سے کالاش کے باشندے اس علاقے میں رہ رہے ہیں، ان کی رسومات موسم اور دیگر عوام سے وابستہ ہوتی ہیں جب کے فوت ہوجانے پر دو سے تین روز تک تقاریب منائی جاتی ہیں جن میں گانوں کے ساتھ ساتھ رقص بھی کیا جاتا ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی وزیر زادہ نے مزید کہا کہ اطراف کی مسلمان آبادی ہمیں محبت اور تحفظ فراہم کرتی ہے جبکہ پاکستانی آئین بھی ہمیں تمام ضروری حقوق فراہم کرتا ہے، ہمیں سماجی اور مذہبی رسومات کی مکمل آزادی ہے۔ انہوں نے کالاش تہذیب و آثار کی حفاظت میں یونیسکو اور اقوامِ متحدہ کے دیگر ذیلی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔