ننھے برطانوی شہزادے کوبن مانس سے تشبیہ دینے پر رپورٹر برطرف

بی بی سی ریڈیو کے ایک پروگرام کے میزبان ڈینی بیکر نے ٹویٹر پر بن مانس کے بچے کی تصویر کو نومولود شہزادے سے تشبیہہ دی


ویب ڈیسک May 10, 2019
بی بی سی ریڈیو کے میزبان کو نسل پرستانہ پوسٹ پر ملازمت سے فارغ کیا گیا۔ فوٹو : فائل

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی ریڈیو کے میزبان ڈینی بیکر کو شاہی جوڑے کے یہاں ننھے مہمان کی آمد پر تضحیک آمیز پوسٹ کرنے پر ملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے 'بی بی سی' نے اپنے ایک ریڈیو پروگرام کے میزبان اور صحافی ڈیبی بیکر کو ملازمت سے برطرف کردیا ہے، ڈینی بیکر نے اپنی ٹویٹ میں شاہی خاندان میں ننھے شہزادے کی آمد پر نسل پرستانہ پوسٹ کی تھی۔

ڈینی بیکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک تصویر شیئر کی جس میں ایک جوڑا بن مانس (چمپینزی) کے بچے کو ہاتھ میں تھامے اسپتال سے باہر نکل رہا ہوتا ہے، ڈینی بیکر نے تصویر کا کیپشن 'ننھا شہزادہ اسپتال سے باہر آرہا ہے' دیا۔

Deny Baker

ڈینی بیکر کی اس تصویر اور کیپشن کو شہزادی میگھن مارکل کے سیاہ فام پس منظر رکھنے پر طنز سمجھا گیا اور سوشل میڈیا پر صحافی کو آڑے ہاتھوں لیا گیا جس پر صحافی نے ناصرف معافی مانگی بلکہ ٹوئٹ بھی حذف کردی تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : پرنس ہیری اورمیگھن مارکل کے ننھے شہزادے کی تصاویرمنظرعام پر

واضح رہے کہ شہزادی میگھن مارکل امریکی شہری ہیں، ان کے والد سفید فام امریکی شہری جب کہ والدہ سیاہ فام افریقی نژاد امریکی شہری ہیں جس پر انہیں شہزادے ہیری سے شادی کے وقت بھی کچھ حلقوں کی جانب سے تنقید کا سامنا تھا۔