ہانیہ عامرنے یاسرحسین کو مذاق اڑانے پر کھری کھری سنادی

ویب ڈیسک  منگل 14 مئ 2019
ہانیہ کو اپنا مذاق اڑایاجانا بالکل پسند نہیں آیا اورانہوں نے یاسر حسین کو کھری کھری سنادی، فوٹوفائل

ہانیہ کو اپنا مذاق اڑایاجانا بالکل پسند نہیں آیا اورانہوں نے یاسر حسین کو کھری کھری سنادی، فوٹوفائل

کراچی: پاکستانی اداکار یاسر حسین نے حال ہی میں اداکارہ ہانیہ عامر کو چہرے پر دانوں کی وجہ سے  مذاق کا نشانہ بنایا ہے تاہم ہانیہ نے انہیں کھری کھری سنادی۔

گزشتہ روزہانیہ عامر نے اپنی بغیر میک اپ تصاویرسوشل میڈیا پرشیئر کرتے ہوئے اپنے چہرے پر موجود دانوں (ایکنی) کے متعلق بتاتے ہوئے کہا تھا کہ چہرے پرموجود ان بدنما دانوں کی وجہ سے وہ کس قدرپریشان رہیں، ان کے رات دن روتے ہوئے گزرے، یہاں تک کہ وہ عدم تحفظ کا شکار ہونے لگی تھیں۔ تاہم اس دوران ہانیہ نے خود سے سوال کیا کہ میری جلد میری پہچان کیوں ہے؟ خوبصورتی کے یہ معیارآخر کس نے بنائے ہیں کہ صاف جلد ہی خوبصورتی کی علامت ہے۔ ایک مشہور شخصیت کا مطلب مکمل ہونا نہیں ہے بلکہ مکمل ہونے کا مطلب یہ ہے کہ ہم اپنی حقیقی جلد کے ساتھ مطمئن رہیں۔

سوشل میڈیا پرہانیہ عامر کو اپنا اصل چہرہ دکھانے اور خوبصورتی کے معیارات پر سوال اٹھانے نے کے لیے کافی سراہا گیا۔ تاہم پاکستان شوبز انڈسٹری کے اداکار یاسر حسین نے ہانیہ کی اس پوسٹ سے متعلق غیرسنجیدہ تبصرہ کرتے ہوئے ہانیہ عامر اورسوشل میڈیا صارفین کے غصے کو ہوا دی ہے۔

انسٹاگرام پر سوال جواب کے لائیو سیشن کے دوران جب یاسرحسین سے ہانیہ عامر سے متعلق سوال پوچھا گیا توانہوں نے ان کے دانوں بھرے چہرے کا مذاق اڑاتے ہوئے اسے ’دانے دار‘ قراردیا۔

تاہم ہانیہ کو اپنا مذاق اڑایا جانا بالکل پسند نہیں آیا اورانہوں نے یاسرحسین کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا ’’معاف کیجئے گا میرے دوست کو، ان کو آج کل نامناسب مذاق کرنے کی عادت ہوگئی ہے۔‘‘

ہانیہ نے مزید لکھا کہ لوگ کس طرح دوسرے لوگوں کے عدم تحفظات کو نشانہ بناکر ان کا مذاق اڑاتے ہیں، یہ نہایت بدتر چیز ہے اور بہت غلط ہے، یہی وقت ہے سمجھنے کا کہ لوگوں کے عدم تحفظات کامذاق بنانا بالکل بھی صحیح عمل نہیں ہے، بلکہ قابل نفرت ہے۔ حس مزاح اچھی چیز ہے لیکن خیال رکھیں کہ مذاق اس حد تک آگے نہ بڑھ جائے کہ سامنے والے کو برا لگ جائے۔ دوسروں کی خامیوں کو نشانہ بناکر کول مت بنیں، یہ مذاق نہیں بے عزتی ہے، میں نہیں ہنسی، کوئی دوسرا بھی نہیں ہنس رہا۔

دوسری جانب یاسرحسین نے اپنی خجالت مٹانے کے لیے ہانیہ عامر کو جواب دیتے ہوئے کہا ’’بس دوست کہہ دیا اسی لیے لکھا تھا، مذاق نہیں تھا، ایکنی کو اردو میں ’دانا‘ کہتے ہیں، برگر‘‘۔

صرف ہانیہ عامر نے ہی نہیں بلکہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی یاسر حسین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا، یاسر حسین کی حس مزاح بہت ہی خراب ہے۔ ایک صارف نے لکھا یاسرحسین نے ایک بارپھرثابت کردیا کہ وہ نہایت غیرسنجیدہ اور بیوقوف ہیں۔ یہی لوگ ہوتے ہی جو اسکرین پر کچھ اور پردے کے پیچھے کچھ اورہوتے ہیں اوردوسروں کا مذاق اڑاتے ہیں۔

ایک اور صارف نے کہا یاسر حسین مزید نیچے گرگئے، مجھے سمجھ نہیں آتا انڈسٹری کے لوگ اسے برداشت کیسے کرتے ہیں، بہت ہی شرم کی بات ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔