ناردرن بائی پاس پر زمین کا تنازع خونی تصادم میں تبدیل 3 افراد جاں بحق

40 سالہ شاہ آغا ، 38 سالہ محمد آصف اور 42 سالہ دولت خان جاں بحق جبکہ 2 افراد حاکم اور ابراہیم زخمی ہوگئے، ایس ایچ او


Staff Reporter May 21, 2019
40 سالہ شاہ آغا ، 38 سالہ محمد آصف اور 42 سالہ دولت خان جاں بحق جبکہ 2 افراد حاکم اور ابراہیم زخمی ہوگئے، ایس ایچ او۔ فوٹو:ٖ فائل

ناردرن بائی پاس انڈس ٹاؤن کے قریب زمین کے تنازعے پر 2 گروپوں کے درمیان مسلح تصادم سے علاقہ میدان جنگ بن گیا جبکہ گولیوں کی تڑتڑاہت دور تک سنائی دی۔

گلشن معمار کے علاقے ناردرن بائی پاس انڈس ٹاؤن کے قریب زمین کے تنازعے پر 2 گروپوں کے درمیان مسلح تصادم سے علاقہ میدان جنگ بنا رہا اور مسلح ملزمان مورچہ بند ہو کر ایک دوسرے پر فائرنگ کرتے رہے جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئی۔

ایس ایچ او انسپکٹر اشتیاق غوری نے بتایا کہ جھگڑا اسلم ابڑو اور شاہ آغا گروپ کے درمیان ہوا تھا جس کے نتیجے میں 3 افراد 40 سالہ شاہ آغا ، 38 سالہ محمد آصف اور 42 سالہ دولت خان جاں بحق جبکہ 2 افراد حاکم اور ابراہیم زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ہلاک و زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔