پشاور:
پشاور میں لاہور واقعے پر تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اسپیکر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں تمام ارکان اسمبلی کو آج خیبرپختونخوا اسمبلی پہنچنے کی ہدایت کردی گئی۔
اسد قیصر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کوئی عام شخص نہیں بلکہ صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں، لاہور میں ان کے ساتھ روا رکھے گئے رویے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے ساتھ پورے صوبے کے چیف ایگزیکٹو اور خیبرپختونخوا کے عوام کی توہین کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی اپنے شہید کارکن کی فاتحہ خوانی کے لیے لاہور گئے تھے، عام شہری کو بھی سیاسی سرگرمیوں اور آزادانہ نقل و حرکت کا حق حاصل ہے۔
تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور عوام نے پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کارکن کی گرفتاری پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کارکن کا ساتھ دیا۔ ایس ایچ او کی کیا مجال کہ وہ وزیراعلیٰ پر ہاتھ ڈالے یا انہیں گاڑی میں بٹھائے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی ملک میں جمہوری جدوجہد کی ایک مثال بن رہے ہیں۔
اسد قیصر نے الزام عائد کیا کہ پنجاب پولیس اسٹیٹ بن چکی ہے اور پوری دنیا کے سامنے اس کی حقیقت آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی صرف ایک فرد نہیں بلکہ چار سے ساڑھے پانچ کروڑ عوام کے منتخب نمائندے ہیں، وزیراعلیٰ کے ساتھ روا رکھے گئے رویے سے پورے خیبرپختونخوا کے عوام کی بے توقیری ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے، وہاں آئین اور قانون کی پروا نہیں کی جارہی۔ ہم پرامن لوگ ہیں اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ سہیل آفریدی کو پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے دورے سے کوئی قانون یا حکومت نہیں روک سکتی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پنجاب کے مختلف شہروں کا دورہ کرکے اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں گے اور پنجاب میں اسٹریٹ موومنٹ بھی جاری رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کل دوپہر ایک بجے خیبرپختونخوا اسمبلی میں پارلیمنٹیرینز کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں لاہور واقعے سمیت آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کی جائے گی اور ایک قرارداد بھی منظور کی جائے گی۔
اسد قیصر کے مطابق اجلاس میں مشاورت کے بعد آئندہ کا مشترکہ لائحہ عمل جاری کیا جائے گا۔