بھتہ خور سرگرم ماربل فیکٹری مالک کو 10 لاکھ روپے بھتہ پرچی مل گئی

20مئی کوبلوچ نوجوان نے چوکیدارکولفافہ دیا،پرچی پرلکھا تھا10لاکھ یاموت،فیکٹری مالک


فیکٹری مالک سے بھتہ طلب کرنے کی تفتیش اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل منتقل

منگھوپیر پولیس نے ماربل کے تاجر سے بھتہ طلب کرنے کا مقدمہ نامعلوم بھتہ خوروں کے خلاف درج کرلیا بھتہ خوروں نے تاجر کو 10 لاکھ روپے بھتے کی پرچی بھیجی تھی۔

تفصیلات کے مطابق منگھوپیر پولیس نے ماربل فیکٹری کے مالک اسامہ شجاع ولد شجاع الدین کی مدعیت میں نامعلوم بھتہ خوروں کی جانب سے10لاکھ روپے بھتہ طلب کرنے کا مقدمہ الزام نمبر 153/19 درج کر لیا گیا۔ مدعی نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا ہے کہ 20 مئی 2019 کو سوا 9 بجے ایک نوجوان لڑکا جو شکل صورت سے بلوچ دکھتا تھا میری فیکٹری کے مین گیٹ پر آیا اور چوکیدار سردار گل کو ایک لفافہ دیا جس پر میرا نام ( اسامہ صاحب ) درج تھا۔

چوکیدار نے لفافہ مجھے لاکر دیا میں نے لفافہ کھول کر دیکھا تو اس میں ایک پرچی نکلی جس پر لکھا تھا کہ 10 لاکھ روپے یا موت، 24 گھنٹے میں رقم کا انتظام کرو ورنہ اپنی فیملی سمیت اپنے آپ کو زندہ نہیں دیکھو گے، پرچی پر درج تھا کہ آپ کا گھر دیکھا ہوا ہے اور آنے جانے کا راستہ بھی معلوم ہے۔

فیکٹری کے مالک سے رابطہ کرنے پر ان کا کہنا تھا کہ وہ بھتے کی پرچی دینے والوں کو نہیں جانتے اور نہ ہی ان کی کسی سے کوئی دشمنی ہے انھوں ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کی اور ان کے اہلخانہ کی جان کو خطرہ ہے لہٰذا انہیں اور ان کے اہلخانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے منگھوپیر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل کو منتقل کردی۔