سیمی فائنل ہاکی ٹیم کو سہل پسندی سے بچنا ہوگا سابق ہاکی اسٹارز

معمولی سی غلطی بھی ورلڈکپ میں رسائی سے محروم کرسکتی ہے، سابق ہاکی اسٹارز


Sports Reporter August 28, 2013
جنوبی کوریا کیخلاف غیر معمولی کھیل پیش کرنا ہوگا (سمیع اﷲ) مسنگ نہ کرنے سے کامیابی ملی (حنیف خان) اصل امتحان اب ہونا ہے، حسن سردار فوٹو: رائٹرز

MOSCOW: سابق ہاکی اسٹارز نے پاکستانی ٹیم کی ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں رسائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفاعی چیمپئن جنوبی کوریا کیخلاف سہل پسندی سے بچنا ہوگا،معمولی سی غلطی بھی ورلڈکپ میں رسائی سے محروم کرسکتی ہے۔

ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری ٹورنامنٹ کے گروپ اے میں گرین شرٹس نے گذشتہ روز آسان حریف چائنیز تائپے کیخلاف آخری گروپ میچ میں13-0سے کامیابی پائی، اس حوالے سے سابق کپتان اور فلائنگ ہارس کے نام سے مشہور اولمپئن سمیع اﷲ نے کہا کہ سیمی فائنل کھیلنے کا حق حاصل کرنا اچھی بات ہے، اب اعزاز کا دفاع کرنے والی جنوبی کوریا کی ٹیم کیخلاف غیر معمولی کھیل پیشں کرنے کی ضرورت ہوگی، سابق قومی کپتان نے کہا کہ پاکستان نے جس طرح مضبوط میزبان ٹیم کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھائی ، اس طرح جنوبی کوریا کے خلاف بھی ڈٹ کر کھیلے تو فتح مقدر بن سکتی ہے، خاص طور پر رائٹ سائیڈ اور مڈل ڈیفنس پر بھاری ذمہ داری ہوگی۔



پنالٹی کارنرز سے فائدہ اٹھانا ہوگالیکن لگتا ہے کہ گول کیپر ہنوز سیٹ نہیں ہوسکا، جنوبی کوریا بھی سیمی فائنل میں جان لڑا دے گا،بدقسمتی سے اس کے خلاف ہمارا ریکارڈ زیادہ بہتر نہیں۔ ایک اورسابق قومی کپتان وسابق کوچ و سلیکٹر اولمپئن حنیف خان نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم پہلے بھی اچھی تھی اور اب بھی ہے،بس مسئلہ مسنگ کا ہے، گذشتہ میچوں میں مسنگ نہیں ہوئی توکامیابی ملی،انھوں نے کہا کہ فارورڈ لائن خاص طور پر شفقت رسول اور شکیل عباسی نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا،اگر یہ تسلسل برقرار رہا تو 30 اگست کو سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کو زیرکیا جاسکتا ہے،جو ٹیم بھی ملنے والے مواقع سے فائدہ اٹھائے وہی سرخرو ہوگی۔

ایک اور سابق قومی کپتان اولمپئن حسن سردار نے کہا کہ خوش قسمتی سے اس وقت قومی ٹیم کے کھلاڑی بھر پور فارم میں ہیں، خاص طور پر فارورڈ لائن کا کلک کرنا اچھی بات ہے،گول کیپر بھی اپنی ذمہ داری پوری کرتا نظر آ رہا ہے، انھوں نے کہا کہ گروپ مقابلوں میں پاکستان کو زیادہ جدوجہد نہیں کرنا پڑی، البتہ ملائیشیا کی مضبوط ٹیم کے خلاف کارکردگی قابل تحسین رہی،اصل امتحان اب ہوگا،کوریا کے کھلاڑی بہت فٹ ہیں، ان کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے بعد پاکستان فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے سکتا ہے،اس طرح ٹیم31مئی سے ہالینڈ میں شیڈول ورلڈکپ میں شرکت کا حق بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔