آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات

خطے کو تمام اطراف سے تصادم سے دور رکھنے کی ضرورت ہے، سربراہ پاک فوج


ویب ڈیسک May 24, 2019
جنگ کسی کے بھی مفاد میں نہیں، سربراہ پاک فوج۔ فوٹو:فائل

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ تمام اطراف سے خطے کو تصادم سے دور رکھنے کی کوششوں کی ضرورت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایران کے وزیرخارجہ جاوید ظریف نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسبی کے امور اور خطے کی صورتحال پر بات چیت کی گئی، اور ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پاک ایران مذاکرات؛ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، شاہ محمود قریشی

اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ جنگ کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے، خطے کو تمام اطراف سے تصادم سے دور رکھنے کی کوششوں کی ضرورت ہے۔