امریکا میں تحریک انصاف کے رکن کی بیٹی کار حادثے میں جاں بحق

ویب ڈیسک  پير 27 مئ 2019
علیزہ نے امریکا کی معروف یونیورسٹی میں اسکالر شپ حاصل کی تھی۔ فوٹو : فیس بک

علیزہ نے امریکا کی معروف یونیورسٹی میں اسکالر شپ حاصل کی تھی۔ فوٹو : فیس بک

نیو جرسی: تحریک انصاف کے متحرک رکن نوید وڑائچ کی صاحبزادی علیزہ اختر امریکا میں ایک کار حادثے میں جاں بحق ہوگئیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں تحریک انصاف کے رہنما نوید اختر وڑائچ کی 19 سالہ بیٹی علیزہ اختر اپنی چھوٹی بہن کے ہمراہ کار میں جارہی تھیں کہ مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار کار نے ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں علیزہ اختر جاں بحق اور ان کی چھوٹی بہن شدید زخمی ہوگئیں۔

حادثہ نیوجرسی کے اولڈ برج ایریا میں پیش آیا، حادثے کے بعد کار سوار موقع سے فرار ہوگیا جسے پولیس نے تعاقب کے بعد حراست میں لے لیا، کارسوار 28 سالہ الیکزینڈر نشے میں تھا اور مخالف سمت سے آتے ہوئے اچانک اپنی لین تبدیل کرلی تھی۔

امریکا میں تحریک انصاف کے متحرک رکن نوید اختر وڑائچ کی بیٹی علیزہ اختر امریکا کی معروف میسا چوسسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں زیر تعلیم تھیں اور ذہانت کے باعث اسکالر شپ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں اور پاکستانی کمیونiٹی نے ہونہار طالبہ کی ہلاکت پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔