بیرونی سرمائے کا انخلا حصص مارکیٹ مزید3نفسیاتی حدیں گنوا بیٹھی

شام پرحملے،کراچی میں فوج طلب کرنے کے مطالبے اورشرح سودبڑھنے کے خدشات سرمایہ کاروں کے ہواس پرطاری...


Business Reporter August 29, 2013
352کمپنیوں میں سے صرف60 کے بھاؤبڑھے،280کی قیمتوں میں کمی،70 ارب62 کروڑکانقصان،کاروباری حجم41فیصد زائد،26 کروڑ 50 لاکھ حصص کے سودے ۔ فوٹو : اے ایف پی

RAWALPINDI: شام پر امریکی حملے کے خوف سے بین الاقوامی مارکیٹس میں عمومی رجحان، شہر کی خراب صورتحال پر قابو پانے کے لیے فوج طلب کرنے کے مطالبے اور نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں اضافے کے خدشات سرمایہ کاروں کے ہواس پر طاری ہوگئے ۔

جس کے نتیجے میں بدھ کو بھی کراچی اسٹاک ایکس چینج میں مندی کے اثرات غالب رہے جس سے انڈیکس کی22500، 22400 اور 22300 کی نفسیاتی حدیں بھی گرگئیں، مندی کے باعث80 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید70 ارب 62 کروڑ38 لاکھ95 ہزار 132 روپے ڈوب گئے۔ ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ انٹربینک کی سطح پر امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کے علاوہ ایک بڑے بروکریج ہاؤس کی جانب سے وسیع پیمانے پر حصص کی آف لوڈنگ کی افواہوں نے سرمایہ کاروں کو اضطراب سے دوچار کردیا تھا جس سے ایک موقع پر 595.32 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی تاہم ٹریڈنگ کے دوران اس افواہ کی تصدیق نہ ہونے کے بعد بعض شعبوں کی جانب سے نچلی قیمتوں پر حصص کی خریداری کی گئی ۔

جس سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس287.38 پوائنٹس کی کمی سے 22236.33 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس191 پوائنٹس کی کمی سے 17289.23 اور کے ایم آئی30 انڈیکس532.90 پوائنٹس کی کمی سے 38133.24 ہوگیا۔



کاروباری حجم منگل کی نسبت41.30 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر26 کروڑ 50 لاکھ77 ہزار850 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار352 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 60 کے بھاؤ میں اضافہ، 280 کے داموں میں کمی اور12 کی قیمتوں میں استحکام رہا، ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں اور دیگر آرگنائزیشنزنے فروخت کو ترجیح دی، غیرملکی سرمایہ کاروں نے 7 لاکھ 85ہزار524 ڈالر کے سرمائے کا انخلا کیا۔

کمپنیوں نے 3 لاکھ 82 ہزار 466، بینکوں و مالیاتی اداروں 18لاکھ14ہزار77 ڈالر اور دیگراداروں نے 4 لاکھ 17ہزار790ڈالر کے حصص فروخت کیے جبکہ میوچل فنڈز کی جانب سے 27 لاکھ66 ہزار 51 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے4 لاکھ49 ہزار66 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے 1لاکھ84 ہزار740 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ شام کی خراب صورتحال پر امریکی حملے کے خوف سے یورپ سمیت دیگر عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی مندی کے اثرات غالب رہے ہیں جس کا منفی اثر مقامی اسٹاک ایکس چینجز نے بھی لیا۔