چیف جسٹس کو کارکردگی دکھانے کیلیے پولیس کا کھارادر کے مختلف علاقوں میں ایکشن

گینگ وار کے ملزمان کی مبینہ موجودگی کی اطلاع پرمحاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی لی گئی۔


Staff Reporter August 29, 2013
کھارادر میں آپریشن کے دوران پولیس اہلکار ایک گھر کی تلاشی لینے میں مصروف ہیں۔ فوٹو: پی پی آئی

چیف جسٹس پاکستان کی کراچی میں موجودگی کی اطلاع پر کار کردگی دکھانے کیلیے پولیس حرکت میں آگئی اور مصنوعی آپریشن کر کے میڈیا پر خبریں نشر کرا دیں۔

پولیس کی بھاری نفری نے کمانڈوز کے ہمراہ کھارادر کے مختلف علاقوں میں گینگ وار کے ملزمان کی مبینہ موجودگی کی اطلاع پر محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی لی تاہم کسی ملزم کی گرفتاری یا اسلحہ کی برآمدگی عمل میں نہیں آئی ، لیاری میں ممکنہ آپریشن کے پیش نظر گینگ وار کے ملزمان روپوش ہو گئے تھے،چیف جسٹس پاکستان کے لیاری کے ممکنہ دورے کے پیش نظر یہاںپولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی جسے دیکھتے ہوئے گینگ وار کے ملزمان پولیس کے مبینہ مشورے پر زیر زمین چلے گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کی کراچی میں موجودگی کے موقع پر کراچی پولیس کے افسران منصوبہ بندی کے تحت حرکت میں آگئے ، ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کی بھاری نفری نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز کے ہمراہ کھارادر کے مختلف علاقوں کاغذی بازار ، زہری محلہ اور ابل چوک میں لیاری گینگ وار کے ملزمان رمضان پٹنی ، عامر عرف مرچی ، محمد ایاز زہری اور رمجو سمیت دیگر کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی تاہم کسی ملزم کی گرفتاری یا اسلحہ کی برآمدگی کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی، آپریشن کے دوران کھارادر کے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا تھا اور کسی کو بھی علاقے میں جانے یا وہاں سے آنے کی اجازت نہیں تھی ۔



گھر گھر تلاشی سے قبل پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ کوئی شخص اپنے گھر سے نکلنے کی کوشش نہ کرے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستک دینے پر فوری طور پر اپنے گھر کے دروازے کھول دیے جائیں، خواتین کو ایک طرف کر کے گھر کی تلاشی لینے دی جائے، مکینوں نے آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کیا، ذرائع نے بتایا کہ پولیس میں موجود کالی بھیڑوں نے لیاری میں بھی آپریشن شروع ہونے کی خبر مختلف نجی ٹی وی چینلوں پر نشر کرائی تھیں۔

تاہم وہاں آپریشن نہیں کیا گیا، لیاری پولیس کے مطابق کسی بھی علاقے میں آپریشن نہیں کیا گیا اور نہ ہی رینجرز علاقے میں گشت کر رہی ہے، ذرائع نے بتایا کہ چیف جسٹس کے لیاری کے ممکنہ دورے کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی جسے دیکھتے ہوئے گینگ وار کے ملزمان پولیس کے مبینہ مشورے پر زیر زمین چلے گئے تھے، اس دوران گینگ وار کے زیر اثر علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی تاہم چیف جسٹس نے لیاری کا دورہ نہیں کیا جسے پولیس افسران نے سراہا۔