منی بس ڈرائیور نے خاتون کو قتل کرکے لاش نالے میں پھینک دی

لاش کی موجودگی کی اطلاع قاتل یاسین نے مقتولہ کے بھائی کو فون کرکے دی،پولیس


Staff Reporter August 30, 2013
مقتولہ سرجانی ٹاؤن سے روزانہ منی بس کے ذریعے کلفٹن جاتی تھی کہ اس کی ایک منی بس کے ڈرائیور یاسین عرف سونی سے دوستی ہو گئی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: سرجانی ٹاؤن میں برساتی نالے سے خاتون کی پھندا لگی لاش ملی ہے،لاش کی موجودگی کی اطلاع قاتل نے مقتولہ کے بھائی کو فون کرکے دی۔

تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سیکٹر 11/A میں واقع برساتی نالے سے پولیس نے خاتون کی لاش برآمد کی ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن محمد شبیر نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت جائے وقوع پر27 سالہ نورین دختر نور الدین کے نام سے اس کے بھائی فرید الدین نے کی، مقتولہ کی لاش پولیس کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لائی گئی ، مقتولہ سرجانی ٹاؤن سیکٹر7/C کی رہائشی اور کلفٹن میں واقع کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں ملازمت کرتی تھی، مقتولہ سرجانی ٹاؤن سے روزانہ منی بس کے ذریعے کلفٹن جاتی تھی کہ اس کی ایک منی بس کے ڈرائیور یاسین عرف سونی سے دوستی ہو گئی۔



مقتولہ کو یاسین بہانے سے اپنے ساتھ لے گیا اور ایک دن اپنے پاس رکھنے کے بعد رسی سے اس کا گلا گھونٹ کر ہلاک کرنے کے بعد لاش برساتی نالے میں پھینک دی،ملزم نے مقتولہ کے بھائی فریدالدین کو فون کرکے بتایا کہ اس کی بہن کی لاش برساتی نالے میں پڑی ہے جس پر فرید الدین نے سرجانی پولیس کو اطلاع دی،پولیس نے ملزم یاسین کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی۔