ایس ای سی پی نے 2ارب 36 کروڑ کا بچ جانے والا فنڈ قومی خزانے میں جمع کرا دیا

مالی سال 2012-13 کے اختتام پر ایس ای سی پی کے سالانہ اخراجات سے اضافی فنڈز حکومت کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دیے گئے ہیں۔


Business Reporter August 31, 2013
جرمانوں سے حاصل ہونے والے 2 کروڑ روپے بھی حکومت کو جمع کرا دیے ہیں۔ فوٹو: فائل

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے 2 ارب 36کروڑ روپے کابچ جانے والافنڈ قومی خزانے میں جمع کرا دیا۔

گزشتہ روز جاری اعلامیے کے مطابق مالی سال 2012-13 کے اختتام پر ایس ای سی پی کے سالانہ اخراجات سے اضافی رہنے والے فنڈز اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں حکومت پاکستان کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دیے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں ایس ای سی پی نے سال 2012-13 میں کمپنیوں پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر عائد کیے جانے والے جرمانوں سے حاصل ہونے والے 2 کروڑ روپے بھی حکومت کو جمع کرا دیے ہیں۔ واضح رہے کہ فنانس بل 2012 کی سیکشن 13(1) کے مطابق تمام ریگولیٹری اداروں کو سالانہ سرپلس فنڈ قومی خزانے میں جمع کرانے کاکہا گیا تھا۔